نوازشریف کو کرموںکا پھل مل رہا ہے‘ ججوں کو میڈیا میں بولنا زیب نہیں دیتا:کائرہ
لاہور(خبر نگار)پیپلز پارٹی سنٹرل پنجاب کے صدر قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے میاں صاحب کو عدالتوں سے سزا ان کے اپنے کرموں اور جرموں کے باعث ملی۔یہ اپنے فیصلے طوطا فالوں پر کرتے ہیں تو ایسی سیاست سے پیپلز پارٹی باز آئی۔ہم ایک بڑا اجتماع کرنے جا رہے ہیںاور وہیں ہم مخالفین کو جواب دیں گے۔موچی دروازے کا جلسہ بہت بڑا ہوگا۔میر ہزار خان بجارانی کی تعزیت کیلئے ہونیوالے اجلاس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا نواز شریف آج کل عجیب وغریب بیان دے رہے ہیں۔جب بنچ بنا تھا تب کہتے تھے عدالتوں کے فیصلے کو مانوں گا۔اب پانچ ججز کے فیصلے کو نہیں مان رہے۔آج بیٹی اور میاں نواز شریف کہتے ہیں بیس کروڑ عوام کے انتخاب کو پانچ ججز نے نکالا ہے۔حالانکہ وہ ڈیڑھ کروڑ ووٹ بھی نہیں لے سکے تھے لیکن کہنے کو جو مرضی کہتے رہیں۔نواز شریف خود تمام کیسز کو عدالتوں میں لے کر گئے جبکہ ہم نے کہا تھا ان کیسز کو ایوان میں حل کریں ۔میاں صاحب کو اپنے کرموں کا پھل مل رہا ہے۔معصوم چہرے پر ایک دو دفعہ ہی دھوکا کھا سکتے ہیں۔ نواز شریف خلاف حقیقت بات کر رہے ہیں۔جمہوریت میثاق جمہوریت کی دین ہے۔میثاق جمہوریت کے بیس فیصد حصے پر نواز شریف کی وجہ سے عملدرآمد نہیں ہوا۔نواز شریف اپوزیشن لیڈربن کر قوم سے نئے وعدے کر رہے ہیں۔نواز شریف کی آ ئندہ منزل اڈیالہ جیل ہے۔نواز شریف اسمبلیوں میں اصلاحات لے کر آئیں۔نواز شریف کے ارادے درست نہیں کہتے ہیںپاکستان کے ہر شہری کے لیے حقوق ہونے چاہیے۔پیپلز پارٹی کو بھی اس کا حق ملنا چاہیے۔ہمارا فرض ہے ہم عدالتوں کا احترام کریں۔مسلم لیگ(ن) ججوں پر دبائو ڈالنے کے لیے عدلیہ مخالف باتیں کررہی ہے۔جج صاحبان کو میڈیا میں بولنا زیب نہیں دیتا اورعدالتوں کا کوئی وکیل نہیں ہوتا۔وہ کبھی فوج پر کبھی ہم پر الزام لگاتے ہیں۔پنجاب میں بظاہر مسلم لیگ(ن) کی حکومت جاتی نظر نہیں آتی تاہم ان کی ادائیں ٹھیک نہیں۔ابھی تک پنجاب میں سینٹ انتخابات کے حوالے سے کسی سے اتحاد نہیں ہوا۔میر ہزار خان جیسا شخص نہیں دیکھا،ابھی تک دل نہیں مانتا آج ہم میں نہیں ہیں۔