• news

نسلی تعصب: اٹلی میں فائرنگ‘ 6سیاہ فام پناہ گزین زخمی

روم (بی بی سی ڈاٹ کام) اٹلی میں ایک شخص نے گاڑی کے اندر سے فائرنگ کر کے کم از کم 6پناہ گزینوں کو زخمی کر دیا ہے۔ بظاہر یہ نسلی تعصب کا واقعہ لگتا ہے۔پولیس نے کہا ہے کہ میچراتا شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں زخمی ہونے والے افراد غیر ملکی تھے۔ملزم کا نام لوکا ترینی بتایا گیا ہے اور اس کی عمر 28 برس ہے۔ اس نے گرفتاری کے وقت گردن پر اٹلی کا جھنڈا لپیٹا ہوا تھا اور اس بات کے شواہد ہیں کہ یہ حملہ نسلی تعصب کی بنیاد پر کیا گیا۔شہر کے بعض دیگر علاقوں سے بھی فائرنگ کی آوازیں آئی ہیں اور میئر نے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ گھروں کے اندر رہیں۔زخمیوں کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے، اور ان میں سے کم از کم ایک کی حالت نازک ہے۔مقامی میڈیا کے مطابق زخمی سیاہ فام پناہ گزین ہیں۔ملزم نے پناہ گزین مخالف سیاسی جماعت ناردرن لیگ کی طرف سے مقامی انتخابات میں بھی حصہ لیا تھا اور جب اسے پکڑا گیا تو اس نے فسطائی انداز میں سلیوٹ کیا۔اٹلی میں چار مارچ کو انتخابات ہو رہے ہیں جن میں پناہ گزینوں کا مسئلہ ایک اہم ایشو ہے۔ترینی نے گرفتاری کے وقت مزاحمت نہیں کی۔ پولیس نے ان کی کار سے ایک پستول برآمد کر لیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن