• news

پارلیمنٹ پر عمران کی بات باعث افسوس، قانون سب کیلئے ایک ہونا چاہیے: ایاز صادق

سکھر(آن لائن) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک میں ہر شخص کے لئے ایک جیسا قانون ہونا چاہئے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کیا جانا چاہئے جبکہ سینٹ انتخابات کا بروقت انعقاد حالات کی بہتری کی طرف ایک قدم ہے اسی طرح امید کرتے ہیں کہ عام انتخابات بھی اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور پارلیمنٹ کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔ عمران خان کی پارلیمنٹ کے بارے میں بات پر افسوس ہوا۔ ہفتہ کے روز سکھر میں میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں ہر شخص کے لئے ایک جیسا قانون ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں کم گو ہوں مگر کچھ خدشات کا اظہار کیا تھا لیکن اب خدشات کافی حد تک دور ہو گئے ہیںاور اللہ کی مہربانی سے حالات بہتر ہوتے نظر آ رہے ہیں عام انتخابات بھی اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ذمے جو کام ہیں وہ وقت پر مکمل ہونے چاہئیں۔ کسی کو بھی دوسرے کی ذاتیات پر بات نہیں کرنی چاہئے اور نقطہ چینی سے گریز کرتے ہوئے حضرت محمدؐ کے سنہرے اصولوں کی پیروی کرنی چاہئے۔

ای پیپر-دی نیشن