عمران نے 24 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کیا نیب انکوائری : خیبر پی کے حکومت کی تصدیق
اسلام آباد (نامہ نگار) نیب انکوائری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ عمران خان نے 74گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹر میں سفر کیا، خیبر پی کے حکومت نے اس کا اعتراف بھی کرلیا ہے۔ وزیر اعلی اور وزرا بھی غیرقانونی استعمال میں پیش پیش رہے۔نیب انکوائری کے مطابق عمران خان کے ساتھ پروٹوکول افسر اور پرائیویٹ سیکریٹری نے بھی ہیلی کاپٹر پر سفر کیا۔ خیبر پی کے کے وزرا نے بھی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ قواعد کے مطابق، صرف وزیر اعلی سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کر سکتے ہیں۔ نیب ذرائع کا کہنا ہے وزیر اعلی پرویز خٹک نے مشتاق غنی کے ایک رشتہ دار کی شادی میں بھی شرکت کے لئے ہیلی کاپٹر استعمال کیا۔ وزیر اعلی خیبر پی کے نے ہیلی کاپٹر کے استعمال میں اختیارات سے تجاوز کیا ہے۔چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے عمران خان کی طرف سے خیبر پی کے حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹرز ایم آئی (17 ) اورایکیو ریل ہیلی کاپٹرز پر رپورٹ کے مطابق تقریباََ 74 گھنٹے سرکاری ہیلی کاپٹرز کو غیر سرکاری دوروں کیلئے نہایت ارزاں نرخوں پر استعمال کرنے اور مبینہ طور پر وزیر اعلی خیبر پی کے کے اختیارات کے ناجائز استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل خیبر پی کے نیب کو انکوائری کا حکم دیا تھا ۔