سوات خودکش حملہ:11 شہدا سپرد خاک ‘ نماز جنازہ میں آرمی چیف کی شرکت‘ زخمیوں سے بھی ملے
پشاور+ چکڑالہ+ رنگپور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگاران) سوات دھماکہ میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 11 جوانوں کو آبائی علاقوں میں سپردخاک کردیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور گیریژن میں سوات میں شہید ہونے والے 11 شہداءکی اجتماعی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں گورنر خیبر پی کے، کور کمانڈر پشاور اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے سوات دھماکہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔ سوات دھماکے میں شہید ہونے والے نمل چکڑالہ کے گاﺅں بھڑ شاہنواز کے نائیک مہر خان ولد فتح خان کو ان کے آبائی قبرستان بن حافظ جی میں فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ سہ پہر چار بجے ادا کی گئی، نماز جناہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی، اہل علاقہ نے شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ موضع جمالی بلوچاں تحصیل نورپور تھل کے حوالدار محمد ابراہیم ولد محمد شفیع بلوچ کی میت جب جمالی بلوچاں پہنچی تو ہر آنکھ اشک بار تھی، مرحوم کی نماز جنازہ میںلوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، انہیں فوجی اعزاز کے ساتھ جمالی بلوچاں قبرستان میں دفن کیا گیا۔