فوج فاٹا نہیں بھیجی چاہئے تھی‘ قبائلیوں کے مطالبات آرمی چیف تک پہنچاﺅں گا: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے راﺅ انوار کی گرفتاری کیلئے اسلام آباد میں قبائلیوں کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے ہمیں کبھی امریکہ کی جنگ میں شرکت نہیں کرنی چاہئے تھی، ہمیں اپنی فوج قبائلی علاقے میں نہیں بھیجنی چاہئے تھی۔ امریکی جنگ کی مخالفت پر مجھے طالبان خان کہا گیا، قبائلیوں نے بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کیا۔ سب سے زیادہ قبائلیوں کے ساتھ ظلم ہوا، پورا پاکستان قبائلیوں کے ساتھ ہے۔ ہم نے ہیومن رائٹس گروپ بلا کر وزیرستان میں امن مارچ کیا۔ نقیب اللہ کی طرح کراچی میں کئی لوگوں کو قتل کیا گیا۔ ڈرون حملے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں۔ زیادہ تر لوگوں کو قبائلیوں کی مشکلات کا علم ہی نہیں۔ قبائلیوں کے تمام مطالبات ٹھیک ہیں۔ پرویز مشرف تاریخ پڑھ لیتے تو قبائلی علاقوں میں فوج نہ بھیجتے، متعدد وزراءکو پتہ نہیں قبائلی علاقوں اور پختونوں میں کیا فرق ہے۔ فاٹا کا خیبر پی کے میں ضم ہونا بہت ضروری ہے۔ آپ اکیلے نہیں پورا پاکستان آپ کے ساتھ ہے، قبائلی علاقوں میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہورہے۔ فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کرنے کا وعدہ کرتا ہوں۔ فاٹا کے عوام کو خیبر پی کے میں نمائندگی ملنی چاہئے۔ اسلام آباد یا کہیں اور آپ کے ساتھ مل کر راﺅ انوار کو ڈھونڈوں گا۔ وعدہ کرتا ہوں قبائلیوں کے تمام مطالبات آرمی چیف تک پہنچاﺅں گا۔