مشاہد حسین کی ملاقات :ترقی کے مخالف سن لیں خوشحالی کا ایجنڈا مکمل کرینگے:شہباز شریف
لاہور (خبر نگار) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترقی کے مخالفین سن لیں عوام کی خوشحالی کے ایجنڈے کو پایہ تکمیل تک پہنچا کر دم لیں گے۔ ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے ایک بیان میں کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے میگا پراجیکٹ بنائے جن کی 70سالہ تاریخ میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ جنوبی پنجاب کو ریکارڈ ترقیاتی بجٹ فراہم کرنا بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔انہوں نے کہا کہ شفافیت، معیار اور تیز رفتاری حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کا ڈنکا بجتا ہے۔ تعلیم ،صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں میں اختراعی منصوبے شروع کئے گئے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے میگا پراجیکٹس ایسا جادو ہے جو آئندہ انتخابات میں سر چڑھ کر بولے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹ، الزامات اور یوٹرن کی سیاست کرنیوالوں کو عوام کی خدمت سے کوئی سروکار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں غیرشائستگی اور جھوٹ کو فروغ دینے والوں نے پنجاب میں بھی ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش کی۔ اورنج ٹرین جیسے فلاحی منصوبے کی تاخیر کے یہ عناصر ہی ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اورآخری سانس تک کرتا رہوں گا۔ وزیراعلیٰ سے مشاہد حسین سید نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے مشاہد حسین کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مشاہد حسین کا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اظہار اعتماد اس امر کا ثبوت ہے کہ مسلم لیگ (ن) ہی عوام کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے عوام کی بھرپور خدمت کر کے لوگوں کے دل جیت لئے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) انشاء اللہ زیادہ اکثریت سے جیتے گی۔ وزیراعلیٰ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 فروری کشمیریوں کو ان کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا حقیقی موقع فراہم کرتا ہے۔ آج کا دن عالمی برادری کو یاد دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ پوری پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت سے انکار دراصل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی رویوں میں خامیوں کی نشاندہی کرتا ہے اور جنوبی ایشیا کے قومی اور انسانی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پرامن اور پائیدار حل جنوبی ایشیا میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔ خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوںکی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔ وزیر اعلی نے سیالکوٹ کے علاقے نیکا پورہ میں ڈور پھرنے کے باعث 20 سالہ موٹر سائیکل سوار نوجوان کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے حکم پر ڈی ایس پی سٹی اور ایس ایچ او تھانہ نیکا پورہ کو معطل کردیا گیا ہے۔