اداکار ساجد حسن ہیئر ٹرانسپلانٹ کے باعث مصیبت میں مبتلا
لاہور (این این آئی) اداکار ساجد حسن غیر تجربہ کار بالوں کے ہیئر ٹرانسپلانٹ ڈاکٹر کے باعث مصیبت میں مبتلا ہو گئے۔ انہوں نے اپنی تکلیف کا ذکر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ویڈیو پیغام میں لوگوں کو عطائی ڈاکٹروں سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔ ساجد حسن نے پیغام میں بتایا کہ 9 سال تک ایک ڈاکٹر انہیں ہیئرٹرانسپلانٹ کرانے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ 2 مہینے قبل ڈاکٹر سے بال لگوانے کیلئے ٹرانسپلانٹ کرایا جس کے بعد سے طبیعت بگڑ گئی اور 15 دن تک بے ہوشی کی حالت میں تھے۔ عطائی ڈاکٹر نے ٹرانسپلانٹ سے قبل میرے کوئی ٹیسٹ نہیں کیے، غلط ٹرانسپلانٹ کے باعث میرے سر پرانفکیشن ہوگیا ہے، بہت بیمار ہوں۔ سوشل میڈیا پر اپنے ساتھ پیش آنیوالا واقعہ بتانے کا مقصد لوگوں میں آگاہی پھیلانا ہے، ہیئر ٹرانسپلانٹ کرانے سے پہلے متعلقہ ڈاکٹر، کلینک کے بارے میں اچھی طرح تحقیق کر لیں۔