جنوبی افریقہ کی بیٹنگ ‘بائولنگ ناکام ‘بھارت نے دوسرا ون ڈے بھی جیت لیا
سنچورین(سپورٹس ڈیسک)بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان چھ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں بھارت نے میزبان ٹیم کو نو وکٹوں سے ہرا دیا ۔ جنوبی افریقہ کی پوری صرف 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت نے ٹارگٹ بیس اوورز میں صرف ایک وکٹ پر پورا کر لیا۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی روہت شرما جو پندرہ رنز بنا کرکاگیسو رباداکی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔شیکھر دھون 51 رنز جبکہ کپتان ویرات کوہلی 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔چھ ایک روزہ کرکٹ میچوں کی سیریز میں بھارت کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔بھارت نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقہ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔یزویندر چہل نے پانچ جبکہ کلدیپ یادو نے تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ میزبان ٹیم کی جانب سے ہاشم آملہ اور کوئنٹن ڈی کاک نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 39 رنز بنائے۔جنوبی افریقہ کے بیٹسمین بھارتی بالرز کی بائولنگ کا سامنا نہ کر سکے اور اس کے ابتدائی پانچ کھلاڑی صرف 99 رنز کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔دولیگ سپنرز نے جنوبی افریقہ کے آٹھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ہاشم آملہ نے 23، کوئنٹن ڈی کاک نے 20، مارکرم نے آٹھ، ڈومینی نے 25، زونڈو نے 25، مورس نے 14، ربادا اور مارکل نے ایک، ایک جبکہ ملر اور عمران طاہر کوئی رن کا بنا سکے۔ یہ ایک روزہ میچوں میں یزویندر چہل کی اب تک کی بہتری بائولنگ ہے۔ڈربن میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میںبھارت نے جنوبی افریقہ کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔