• news

آرمی اور ٹورازم کارپوریشن کے زیراہتمام سنو کراس جیپ ریلی عامر سید کے نام

لاہور (سپورٹس رپورٹر+نیوز ایجنسیاں) ٹورازم کارپوریشن خیبر پی کے، آرمی، اسلام آباد جیپ کلب کے تعاون سے کالام میں منعقدہ سنو کراس جیپ ریلی اختتام پذیر ہوگئی، اس موقع پر ریس کا انعقاد بھی کیا گیا جس کیلئے ٹریک بنایا گیا تھا جس میں پہلی پوزیشن عامر سید نے حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن راجہ انور اور تیسری پوزیشن لیاقت علی نے لی، مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل ایاز ولی نے فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ۔ ریلی کالام کے سنو گرائونڈ میں منعقد ہوئی جس کا مقصد سیاحت کو فروغ دینے سمیت شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنا ہیں۔ سنو کراس جیپ ریلی ٹورازم کارپوریشن کے موسم سرما میں پہاڑی علاقوں کا پہلا ایونٹ ہے جو کہ آرمی، اسلام آباد جیپ کلب اور مقامی انتظامیہ کے باہمی تعاون کیساتھ منعقد کی گئی، ریلی میں پشاور، اسلام آباد، لاہور سمیت ملک کے مختلف شہریوں سے 4x4 جیپوں کیساتھ شرکت کی، ان مقابلوں کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا، اے کیٹیگری میں 3500cc سے متجاوز گاڑیاں، بی کیٹیگری میں 2600cc سے 3500cc تک جبکہ سی کیٹیگری میں 2600cc تک جیپوں نے شرکت کی، ان مقابلوں کی خاص بات یہ تھی کہ ان میں وویمن کیٹیگری بھی رکھی گئی تھی۔ مہمان خصوصی لیفٹیننٹ کرنل آیاز ولی نے جیپ ریلی میں فاتح کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئیجن میں پہلی پوزیشن والے کو 20 ہزار، دوسری پوزیشن پر 15 ہزاراورتیسری پوزیشن پر 10 ہزار روپے کے کیش پرائز دیئے گئے۔

ای پیپر-دی نیشن