• news

نوازشریف‘ زرداری کا دور گزر چکا‘ ایماندار قیادت کی ضرورت ہے: پرویز خٹک

پشاور (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت باریاں بانٹنے والوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔ اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں عمران خان اس ملک کے وزیراعظم ہونگے اور وفاق سمیت چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔ تحریک انصاف اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے اپنے منشور پر عمل کیا۔ خیبر پی کے میں عوام کو واضح تبدیلی نظر آرہی ہے۔ اب عوام روٹی‘ کپڑا‘ مکان پختون اسلام اور قائداعظم کے روشن پاکستان پر دھوکہ نہیں کھائیں گے۔ اے این پی کے تینوں ادوار عوام کو معلوم ہیں۔ پہلے اقتدار میں عوام کو کفن کا کپڑا نہیں مل رہا تھا۔ مولانا فضل الرحمن نے اپنے پانچ سالہ دور میں اسلام کی کیا خدمت کی۔ سیاسی مولویوں نے ہمیشہ اسلام آباد کی سیاست کی۔ اس ملک میں اب نظام کی تبدیلی کی ضرورت ہے۔ نوازشریف نوشہرہ آکر پاکستان تحریک انصاف کے ایک حلقہ کا جلسہ دیکھ لیں۔ پشاور میں انہوں نے تو پورے صوبے کا جلسہ منعقد کیا۔ اب عوام باشعور ہو چکے ہیں۔ پختون روٹی‘ کپڑا‘ مکان اسلام اور قائداعظم کے پاکستان پر عوام کی ہمدردیاں سمیٹنے کا وقت گزر گیا۔ اسفند یار ولی خان‘ آصف علی زرداری‘ نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن کی حقیقت عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔ یہ لوگ کس منہ کے ساتھ عوام کا سامنا کریں گے۔ نوجوان عمران خان کے سپاہی ہیں۔ پی ٹی آئی کا مقابلہ ممکن نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رشکئی میں ایک بڑے عوامی جلسے اور بدرشی عیسیٰ خیل میں محمد رزاق خان کے اپنے پورے خاندان اور ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کے موقع پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ای پیپر-دی نیشن