تیونس، مراکو، نائیجریا اور سوڈان کے سفیروں کا زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کا دورہ
لاہور (نیوز رپورٹر) تیونس، مراکو، کینیا، نائیجریا، سوڈان اور موریشیس کے سفیروں نے بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال کا دورہ کیا۔ دورے کا اہتمام ڈائریکٹر جنرل (افریقہ) فارن آفس آف پاکستان نے کیا۔ اس موقع پرڈائریکٹر بارانی زرعی تحقیقاتی ادارہ چکوال نے پوٹھوہار میں جاری محکمہ زراعت حکومت پنجاب کے مختلف زرعی ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے انہیں بتایا کہ حکومت پنجاب پوٹھوہار کو وادیِ زیتون میں بدلنے کیلئے پانچ سالہ منصوبے کے تحت 2 ارب 79 کروڑ کی لاگت سے زیتون کے کاشتکاروں میں 20 لاکھ زیتون کے اعلی نسل کے حامل پودے مفت تقسیم کر رہی ہے۔محکمہ زراعت پنجاب نے اس علاقے میں ڈرپ اور سپرنکلر نظامِ آبپاشی کو بھی فروغ دیا ہے اس کے علاوہ کسان پیکج کے تحت بھی ایسے منصوبہ جات جاری ہیں جن سے کاشتکار براہِ راست مستفید ہو رہے ہیں۔دورے پر آئے تمام سفیروں کو بریفنگ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ شعبہ اراضی تحفظ محکمہ زراعت نے بھی مختلف سکمیں متعارف کروائی ہیں جس پر حکومت پنجاب80 فیصد سبسڈی بھی دے رہی ہے۔ تمام سفیروں نے باری چکوال میں جاری ریسرچ اور لیبارٹریوں کی معیاری کارکردگی کو پسند کیا۔ سفیروں نے زیتون کے شعبہ میںبارانی ریسرچ انسٹیٹوٹ چکوال سے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔