جھلکیاں/ پیپلزپارٹی جلسہ موچی دروازہ
لاہور (فرخ سعید خواجہ+ شہزادہ خالد) موچی دروازہ کی تاریخی جلسہ گاہ عرصہ دراز کے بعد پھر ایک شاندار جلسہ دیکھ رہی تھی جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔٭ پنڈال میں تین ہزار کے لگ بھگ کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ موچی دروازہ کی سٹیڈیم طرز کی سیڑھیوں پر بھی پرجوش کارکن موجود تھے۔٭ جلسے کا وقت دو بجے دوپہر مقرر تھا لیکن ساڑھے پانچ بجے سید یوسف رضا گیلانی ودیگر رہنمائوں سید خورشید شاہ‘ اعتزاز احسن‘ قمرالزمان کائرہ کے ہمراہ سٹیج پر پہنچے۔٭80فٹ لمبے اور 20فٹ چوڑے سٹیج پر 125افراد کے بیٹھنے کیلئے کرسیاں لگائی گئی تھیں جبکہ ذوالفقاربھٹو‘ بینظیربھٹو اور آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے قدآور فلیکس لگائے گئے تھے۔٭آصف زرداری نے اپنے پرجوش استقبال پر حاضرین کو حسب عادت فلائنگ ’’کس‘‘ کی۔٭آصف زرداری سٹیج پر پہنچے تو ان کو پنجابیوں کی روایتی پگڑی پہنائی گئی۔ اس موقع پر پرجوش پارٹی ترانے بجائے جاتے رہے۔٭ پیپلزپارٹی کے جیالوں نے زبردست نعرے بازی کی تاہم ’’شیروں کا شکاری، آصف زرداری‘‘ ان کا سب سے پسندیدہ نعرہ رہا۔٭ آصف زرداری نے پنجابی پگڑی اتار کر خود کو ملنے کے لئے آنے والے ایک شخص کو پہنا دی جبکہ خود پیپلزپارٹی کی کیپ پہن لی۔٭پنڈال میں جے کے پی ایس ایف‘ پی وائی او‘ پی پی پی‘ اے پی ایم اے‘ خواتین ونگ‘ منیارٹی ونگ اور پی ایس ایف کے پرچم نمایاں نظر آئے۔٭ پنڈال کے درمیان میں موجود لوہے کا ایک پول گر نے سے12کارکن زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق پول جلسہ گاہ کے پنڈال میں موجود تھا اور انتہائی خستہ حالت میں تھا۔