اعلی عسکری قیادت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں مدعو، بریفنگ دی جائے گی
اسلام آباد ( وقائع نگار خصوصی ) اعلیٰ عسکری قیادت کو اس جمعرات کو پارلیمانی کمیٹی برائے قومی سلامتی میں مدعو کرلیا گیا۔ دفاع، خارجہ امور کے وزرائ، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر، مشیر خزانہ اور مشیر قومی سلامتی خصوصی دعوت پر شریک ہوں گے۔ قومی سلامتی کے معاملات پر بریفنگ دی جائے گی۔ پاکستان کو امریکا سے ملنے والے اتحادی امدادی فنڈ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق پارلیمنٹ میں قومی سلامتی پر اس اہم اجلاس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ 8 فروری کو اجلاس دن گیارہ بجے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گا۔ اجلاس کے لیے کمیٹی روم نمبر 2 میں خصوصی انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ ساؤنڈ سسٹم اور مائیک کی چیکنگ کے ساتھ نشستوں کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔