• news

اورنج لائن‘ کھدائی کے دوران مٹی کا تودہ گرنے سے 5 مزدور زخمی

لاہور (نامہ نگار+ خصوصی نامہ نگار) قلعہ گجر سنگھ کے علاقے میں اورنج لائن ٹرین کے لیے کی جانے والی کھدائی کے دوران مٹی کا تودا گرنے سے 5مزدور اس کے نیچے دب کر زخمی ہو گئے، تفصیلات کے مطابق قلعہ گجر سنگھ کے علاقے ہال روڈ چوک میں اورنج لائن کے زیر زمین ٹرمینل بنانے کیلئے کھدائی کے وقت مٹی کا توداگرنے سے 5مزدور ملبے تلے دب گئے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کرتے ہوئے مزدوروں کو گڑھے سے باہر نکالا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق 3مزدوروں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد موقع پر ہی فارغ کر دیا گیا تھا جبکہ 45سالہ عبدالوہاب اور 25سالہ سمیع الرحمن کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ میکلوڈ روڈ پر ہال روڈ چوک کے قریب پانچ مزدوروں پر مٹی کا تودہ گرنے کے واقعہ کا لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے سے کوئی تعلق نہیں۔ پانچوں مزدوروں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ یہ واقعہ محکمہ واسا کی طرف سے لکشمی چوک اور ملحقہ علاقوں سے بارش کے پانی کا جلد از جلد نکاس یقینی بنانے کے لئے ایریا ڈرینیج سکیم کے تحت حاجی کیمپ سے دریائے راوی تک نئی ڈرین کی تعمیر کے سلسلے میں جاری کام کے دوران پیش آیا، یہ منصوبہ اورنج لائن منصوبے سے علیحدہ ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن