سینٹ: مسلم لیگ (ن) کی واضح اکثریت روکنے کیلئے پی پی، پی ٹی آئی، ق لیگ کی بیک ڈور ڈپلومیسی
لاہور (فرخ سعید خواجہ) مسلم لیگ (ن) کو سینٹ میں واضح اکثریت حاصل کرنے سے روکنے کیلئے پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، (ق) لیگ کے درمیان بیک ڈور ڈپلومیسی کا آغاز ہوگیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کی خالی ہونے والی سینٹ کی 12 نشستوں میں سے 7 جنرل نشستوں میں سے ایک، ٹیکنوکریٹ، علماء کی دو نشستوں میں سے ایک اور اقلیتوں کی ایک نشست باہم بانٹنے کیلئے بات چیت فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئی ہے۔ تینوں جماعتیں اپنی اپنی جگہ اس یقین کا اظہار کررہی ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کو پنجاب سے سینٹ کی 12 نشستوں کی بجائے 9 نشستوں تک محدود رکھا جاسکتا ہے۔ پی ٹی آئی جنرل نشستوں پر سابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو لانے کی خواہاں ہے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر (ق) لیگ کے کامل علی آغا اور پیپلز پارٹی کے چودھری اعتزاز احسن مشترکہ امیدوار بننے کے خواہاں ہیں۔ ان دونوں میں سے کسی ایک کی قربانی دینی پڑیگی اور جو جماعت قربانی دیگی اسکے نان مسلم امیدوار کو منیارٹی کی نشست پر انکے نامزد کردہ امیدوار کو سینٹ میں اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار بنا لیا جائیگا۔