افغانستان میں دہشت گردی کرانے کے الزامات گھنائونا فعل ہے: خواجہ آصف
لندن ‘سیالکوٹ (آئی این پی+ نامہ نگار) وزیر خارجہ خواجہ آصف نے پاکستان کے افغانستان میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے الزامات گھنائونا فعل ہے۔ عربی اخبار کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ان الزامات کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔ پاکستان کسی بھی ملک خصوصاً افغانستان کے داخلی معاملات میں کسی بھی قسم کی مداخلت پر یقین نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا پاکستان افغانستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گا۔ انہوں نے کہا پاکستان نے 30لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کی۔ افغانستان میں امن پاکستان کے مفاد میں ہے۔ علاوہ ازیں وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر ایک دن آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا اور بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں نہتے ومظلوم کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے اور کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کی تحریک کو کچلنے کیلئے بھارتی مظالم دہشت گردی ہیں ، پاکستان کشمیریوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا ،۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انوار کلب آڈیٹوریم میں مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے فاروق گھمن ، چوہدری تنویر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دشمنی کی اصل وجہ مسئلہ کشمیر ہے اور اس سے ہم دستبردار نہیں ہونگے بلکہ کشمیریوںکی اخلاقی ، سفارتی حمایت جاری رہے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ورکنگ بائونڈری لائن ، لائن آف کنٹرول اور افغان بارڈرپر دہشت گردی کررہا ہے۔ایک لاکھ کشمیریوں کو شہید کردیا گیا اور دہلی میں بیٹھے ہوئے دہشت گرد بھارتی حکمرانوں نے سمجھوتا ایکسپریس کو جلایا اور گجرات میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی۔انہو ں نے مزید کہا کہ برہان وانی کی شہادت نے کشمیر کی تحریک کو جلا بخشی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کشمیر ایک دن ضرور آزاد ہوگا۔