شہباز شریف ‘ رانا ثنا کی وضاحت سے مطمئن ہوں نہ ختم نبوت پر ڈیل کروں گا: حمید سیالوی
منڈی شاہ جیونہ+ جھنگ (نامہ نگاران) پیر سیال شریف حمید الدین سیالوی قافلے کی شکل میں تھانہ مسن کے علاقہ قابلی پہنچے، قافلے میں سینکڑوں گاڑیاں اور موٹر سائیکل موجود تھے، طلباء کے علاوہ ہزاروں مریدین نے جلسے میں شرکت کی اور ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا، گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں، پیر حمید الدین سیالوی نے کہا کہ شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ کی وضاحت پر مطمئن نہیں ہیں جس کمیٹی کی بات کی جا رہی ہے اس میں ہم موجود نہیں تھے، مسلم لیگ (ن) کو ووٹ نہ دینے پر آج بھی قائم ہوں، میرا بیٹا (ن) لیگ کے ٹکٹ سے سینٹ کا امیدوار نہیں ہے۔ ختم نبوت کے حوالہ سے ہم اپنے موقف پر قائم ہیں۔ لوگوں میں یہ بات پھیلائی جارہی ہے کہ پیر سیال دو دھڑوں میں تقسیم ہوچکی ہے جو بالکل غلط ہے، ہمارا ایک کلمہ، ایک خدا اور ایک دھڑا ہے، منافق لوگوں نے یہ افواہیں پھیلا رکھی ہیں، قرآن پاک کی ہر آیت کی قسم کھاتا ہوں کہ مر جائوں گا لیکن ختم نبوت کے لیے کوئی ڈیل نہیں کروں گا۔