’’را‘‘ این ڈی ایس گلگت بلتستان میں سی پیک کو نشانہ بنا سکتی ہیں: وزارت داخلہ
اسلام آباد (بی بی سی ) پاکستان کی وزارت داخلہ نے گلگت بلتستان کی حکومت سے صوبے میں اقتصادی راہداری کے حوالے سے جاری منصوبوں کی سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کیلئے کہا ہے۔ وزارت داخلہ نے حکم نامہ جاری کرتے ہوئے گلگت بلتستان کی حکومت کو سکیورٹی سخت کرنے کی تاکید کی ہے۔تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بعض ملک دشمن خفیہ اداروں جن میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را اور افغانستان کی این ڈی ایس شامل ہے، نے گلگت بلتستان میں سی پیک کے حوالے سے جاری منصوبوں کو نقصان پہنچانے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔اس خطرے کے پیش نظر سی پیک کے تمام منصوبوں کی حفاظت کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔بی بی سی کے مطابق بھارت ماضی میں بھی سی پیک کا مخالف رہا ہے اور خصوصی طور پر بھارت نے گلگت بلتستان میں اس حوالے سے جاری منصوبوں پر اعتراضات اٹھائے تھے جنھیں چین نے مسترد کر دیا تھا۔وزارت کے حکم نامے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اس ضمن میں سکیورٹی انتظامات کو سخت کریں، گشت بڑھا دیں اور مشتبہ افراد پر گہری نظر رکھیں۔ وزارت داخلہ کی جانب سے سی پیک روٹ پر خطرات کے حوالے سے الرٹ جاری ہونے کے بعد گلگت بلتستان میں سی پیک کیروٹ پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سیجاری الرٹ کے بعد سی پیک روٹ پر موجود آر سی سی پلوں کو دشمن طاقتوں کی جانب سے خطرات لاحق ہیں۔وزیراعلی گلگت بلتستان کے احکامات کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے پلوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے منصوبہ ترتیب دیا ہے، حکومت نے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے نام سے 700 اسامیاں منظور کی ہیں جن پر بھرتیوں کا عمل شروع کیا جائیگا تاکہ سی پیک روٹ کو مزید محفوظ بنایا جاسکے۔