• news

بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجانے کیلئے صرف چند منٹ درکار ہیں: رانا تنویر حسین

مریدکے / شیخوپورہ (نامہ نگار + نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر دفاعی پیدوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے پاکستان خطے میں قیام امن کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہا ہے جبکہ بھارت افغانستان کیساتھ ملکر قیام امن کی کوششوں کو سبوتاژکررہا ہے تو دوسری طرف ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول سیز فائر معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیا ں کرکے معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے ہماری غیور مسلح افواج دشمن کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے پاکستان کے پاس دنیا کی جدید ترین جوہری اور میزائل ٹیکنالوجی اوردنیا کی بہترین افواج ہے بھارت کی اینٹ سے اینٹ بجانے میں پاکستان کو صرف چند منٹ درکار ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی قصبہ کوٹ پنڈی داس میں مختلف ترقیاتی کاموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین محمد جمیل کمبوہ، قاری عبد الطیف کمبوہ، صدر انجمن صحافیاں اسلام دین کمبوہ، وائس چیئرمین عبد الرشید رحمانی، محمد سفیان کمبوہ سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے شرکا کو بتایا کہ موٹر وے پر کوٹ پنڈی داس انٹر چینج کی تعمیر عنقریب شروع ہوجائیگی جس کیلئے ہوم ورک کیا جارہا ہے۔ انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان کشمیری بھائیوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے حصول کے لئے جدوجہدکوپاکستان کی غیر متزلزل ،سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ حاصل رہے گی تاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر پر امن طریقے سے حل ہوسکے۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی افواج سنگین جنگی جرائم دہشت گردی اور انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی کررہی ہیں، عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے مستقل حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے اقوام متحدہ کی بھارتی افواج کے مطالم پر خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا ملک کو باپ دادا کی جاگیر سمجھ کر قومی خزانہ لو ٹنے والے مسٹر ٹین پرسنٹ زرداری کو سی پیک منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچنے پر پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں اسی لئے پیپلز پارٹی دن رات سی پیک سی پیک کررہی ہے پانچ سال اقتدار میں رہ کر زرداری اینڈ کو نے لوٹ مار اور کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے، ملک وقوم کی کوئی خدمت کی ہوتی تو پیپلز پارٹی کو الیکشن 2013میں عبرتناک شکست کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔ آج مسلم لیگ ن کا راستہ روکنے کے لئے تمام چھوٹے بڑے ڈاکو ایک جگہ اکٹھے ہو گئے ہیں۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق منوں آباد، دھکم پورہ، کوٹ پنڈی داس میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کرنے کے موقع پر یوسی چیئرمین چودھری اعظم ریاض گجر، چودھری ارشد ورک، لیگی رہنما رمضان بھٹی، میڈیا کوآرڈی نیٹر ندیم گورایہ، عقیل احمد بھٹی، ملک ندیم چوہان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر-دی نیشن