نوازشریف ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں وزیراعظم تمام قوانین سے بالا ہو: عمران
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے نواز شریف ایسی جمہوریت چاہتے ہیں جس میں وزیر اعظم تمام قوانین سے بالاتر ہو، وزیراعظم کچھ بھی کرے لیکن اس سے کوئی بھی سوال نہ کرسکے، نواز شریف نے حسبِ توقع خیبر پی کے حکومت کے حوالے سے جھوٹ پر جھوٹ بولا۔ خیبر پی کے میں 350 مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز مکمل ہوچکے ، بون چیلنج نے بلین ٹری سونامی پر خیبر پی کے حکومت کی تعریف کی۔ نواز شریف کی طرف سے اس بات سے طوطا چشمی شرمناک ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے مزید کہا نواز شریف کی جمہوریت کی تعریف کے مطابق وزیر اعظم تمام اداروں کی تذلیل کرسکتا ہے، پارٹی کے غنڈوں کے ہمراہ سپریم کورٹ پر حملہ کرسکتا ہے اور ججز کو پیسوں سے بھرے بریف کیس بھی دے سکتا ہے۔ وہ یہ سب کچھ ہر قانون سے بالاتر ہو کر کرسکتا ہے اور اس بارے میں اس سے کوئی کچھ نہیں پوچھ سکتا کیونکہ وزیر اعظم تو ملکی قوانین سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا جہاں تک بلین ٹری سونامی کی بات ہے تو کوئی نواز شریف کی آنکھوں پر بندھی پٹی کھولے اور انہیں بتائے ڈبلیو ڈبلیو ایف نے اس پروگرام کا آڈٹ کیا ہے۔ آئی یو سی این نے بھی اس کامیابی کو تسلیم کیا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی میڈیا سٹرٹیجک گروپ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سوات دھماکہ کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سینٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ کی شدید مذمت کی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہارس ٹریڈنگ میں ملوث افراد کو بے نقاب کیا جائے گا۔ حدیبیہ کیس پر تحریک انصاف سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ پی ٹی آئی نے ملک میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر تحفظات کا اظہار کیا۔ قصور میں مدثر کے ماورائے عدالت قتل نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی یاد تازہ کر دی۔ قصور واقعے پر عدالت سے کمشن کیلئے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اورنج لائن ٹرین حادثے پر بھی اظہار افسوس کیا گیا۔ اجلاس میں ملبے تلے دب جانے والے مزدوروں کی صحت یابی کی دعا کی گئی۔ اجلاس میں اورنج لائن ٹرین منصوبے کی شفافیت یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا اور کہا گیا فضل الرحمن کو کشمیر کمیٹی کا سربراہ مقرر کرنا حکومتی غیرسنجیدگی کا مظہر ہے۔ اپنے سٹاف رپورٹر کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عمران خان نے کہا ہے کشمیری بھائیوں کے خود ارادیت کیلئے فولادی عزم اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی حمایت ہمیشہ جاری رکھی جائے گی۔ جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل کے ساتھ مشروط ہے۔ عالمی سطح پر کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنے میں مسلم لیگ ن نے ہمیشہ روایتی کمزوری کابھر پور مظاہرہ کیا۔ کشمیر کمیٹی کا استعمال کشمیریوں کے حقوق کے علاوہ ہر قسم کے مقاصد کے لیے کیا۔ بدقسمتی سے کشمیر کمیٹی کی سربراہی جس شخص کو دی گئی اسے نہ پاکستان سے دلچسپی ہے نہ مقبوضہ کشمیرسے مسئلہ کشمیر، کشمیری عوام کی خواہش اور امنگوں کے مطابق حل ہونا نہایت اہم ہے۔ ریاستی دہشت گردی سے بھارت کشمیریوں کے حقوق زیادہ وقت تک صلب نہیں کر سکتاریاستی جبرو تشدد سے بھارت کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھنے کی مذموم کوشش جاری نہیں رکھ سکے گا۔کشمیری نوجوانوں کا عزم اور ہمت لائق تحسین اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب ہے۔کشمیر اپنی جدو جہد میں تنہا نہیں ہے اس خطے میں پائیدار امن کیلئے تنازعہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ناگزیر ہے۔ یوم یکجہتی کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے۔تحریک انصاف کے صوبائی صدر سردار یار محمد رند نے پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی اور مشاورت کے بعد قاسم سوری کو قائم مقام جنرل سیکرٹری بلوچستان مقرر کر دیا گیا۔