’’ریڈیو پاکستان کیلئے حکومت پاکستان کا پچاس 50 کروڑ کا ریلیف پیکج‘‘
شکیل گیلانی
ریڈیو پاکستان کے موجودہ ڈی جی شفقت جلیل کی ذاتی دلچسپی اور وزارت اطلاعات و نشریات کی کوششوں کی وجہ سے حکومت پاکستان نے قومی نشریاتی ادارے کو فوری طور پر مالی بحران سے نکالنے کے لئے پچاس کروڑ کے ریلیف پیکج کی منظوری دے دی ہے جس کی وجہ سے فنکار برادری اور ریڈیو ملازمین کے عرصے سے رکے ہوئے واجبات کی ادائیگیوں کا دیرینہ مطالبہ نہ صرف پورا ہو گیا ہے بلکہ ادائیگیوں کو بھی یقینی بنا دیا گیا ہے۔ جس سے ریڈیو کی کارکردگی بہتر اور فعال ہو گی۔ حکومت کے ان احسن اقدامات کی وجہ سے بے جا تنقید کرنے والوں کے منہ بھی بند ہو گئے ہیں اور ریڈیو پاکستان سے منسلک ہزاروں افراد میں بھی خوشی کی لہر دوڑ گئی لیکن ہاں یہ ضرور سوچنا ہوگا کہ مستقبل میں ایسی مشکلات پیدا نہ ہوں۔ جن کی وجہ سے قومی نشریاتی ادارے کا تشخص متاثر ہوتا ہے آئندہ کے لئے کوئی ایسا مثبت لائحہ عمل بنانا ہو گا تاکہ ادارے کی نیک نامی برقرار رہے۔
بعض لوگوں کی رائے میں یہ بھی تصور کیا جاتا ہے کہ ریڈیو پاکستان کے مالی بحران کی ایک بڑی وجہ غیر ضروری، غیر مناسب اور سیاسی بھرتیاں بھی ہیں کیونکہ ان ملازمین کی تنخواہوں کا اضافی بوجھ پروگرامز کی مد میں رکھی رقم پر پڑتا ہے جو مالی بحران کا سبب بنتا ہے۔ ریڈیو پاکستان کے تمام یونٹس اپنی اپنی جگہ پر بہترین کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر، باقاعدہ اور سنجیدہ کوششوں کا فقدان نظر آتا ہے یہ روش بدلنا ہو گی اور اس کے لئے کوئی بہتر میکانزم ترتیب دینا ہوگا۔ شنید ہے کہ فنڈز ملنے کے بعد ارباب اختیار نے بہت سے ٹرانسمیٹرز کو تبدیل اور مرمت کروانے کا طے کرلیا ہے تاکہ پروگراموں کے صوتی اثرات معیاری بنائے جا سکیں آئندہ یہ مسئلہ بھی جلدحل ہو جائیگا اور سامعین کا دیرینہ شکوہ بھی دور ہو جائیگا کیونکہ وطن عزیز کے دور دراز علاقوں میں جہاں ابلاغ کو جدید سہولیات میسر نہیں ہیں۔ تفریح اور اطلاعات کا مؤثر اور واحد ذریعہ ریڈیو پاکستان ہے۔ کسی بھی سرکاری ادارے میں تبادلوں اور تعیناتیوں کا ہوتے رہنا معمول کی بات ہے۔ مگر ریڈیو میں بعض مراکز پر اوور ہالنگ کی ضرورت ہے جو یقیناً ادارے اور ملازمین کے لئے بہتری کا باعث ہوتی ہے۔ ریڈیو پاکستان ہمیشہ کی طرح امسال بھی کشمیریوں سے اتحاد و یکجہتی کے لئے تمام مراکز سے خصوصی پروگرام نشر کرے گا جن میں ٹاک شوز، خصوصی مذاکرے اور نغمے شامل ہونگے ریڈیو پاکستان کے دوسرے مراکز کی طرح اس ضمن میں سنٹرل پروڈکشن یونٹ ریڈیو پاکستان اردو نے بھی یوم کشمیر کی مناسبت سے خصوصی نغمہ جس کے بول ’’جاگو اقوام عالم کشمیر جل رہا ہے۔ ریکارڈ کیا ہے۔
ریڈیو پاکستان لاہور کے ریٹائرڈ ملازمین، فنکاروں، اداکاروں اور صداکاروں کی کثیرتعداد نے واجبات کی ادائئگیوں پر اظہار تشکر کے لئے سٹیشن ڈائریکٹرلاہور نزاکت شکیلہ سے ملاقات کی اور ان کی سرپرستی کی تعریف کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان کی ترقی اور استحکام کے لئے ڈی جی ریڈیو پاکستان کے مشن کو آگے لے جانے میں مکمل یقین دہانی کرائی اور یہ باور کرایا کہ ہم ہر طرح سے ہر وقت ہرکوشش کے لئے تیار ہیں۔