عراقی حکومت نے داعش‘ القاعدہ جنگجوئوں اور صدام کی بیٹی سمیت 60 اشتہاریوں کی فہرست جاری کر دی
بغداد (این این آئی)عراقی حکومت نے داعش، القاعدہ سے وابستہ اہم دہشت گردوں اور دیگر عناصر پر مشتمل 60 اشتہاریوں کی ایک فہرست جاری کی ہے۔ ان میں صدام حسین کی صاحب زادی رغد صدام حسین کا نام بھی شامل ہے۔ دوسری طرف رغد صدام حسین نے عراقی حکومت کی طرف سے اشتہاریوں کی فہرست میں نام شامل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ میرا نام عراق کے اشتہاریوں میں شامل کرنا میری توہین ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف مقدمہ کروں گی۔ رغد صدام حسین نے مزید کہا کہ وہ اردن میں مقیم نہیں ہیں، مجھے بار بار اشتہاری قرار دے کر میری توہین کی جا رہی ہے۔ 2006ء سے عراقی حکومت مجھے اشتہاری قرار دینے کی کوششیں کر رہی ہے۔ اس وقت میں اردن میں تھی اور میزبان حکومت نے میرے بارے تمام تفصیلات جاری کردی تھیں۔انہوں نے عراقی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عراقی حکومت ایسے لوگوں کا مجموعہ ہے جو اپنا اصل مشن رغد کو گرفتاری قرار دیتے ہیں۔ ان کی وجہ سے ملک غاصبوں کے قبضے میں ہے۔