• news

گوجرانوالہ: جاپانیوں سے کروڑوں کا فراڈ کرنیوالے 4افراد گرفتار

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) جاپانی شہریوں کے ساتھ کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جاپانی شہریوں‘ پاکستانی شہریوں کے درمیان رئیل اسٹیٹ بزنس کیلئے فرم رجسٹرڈ کروائی گئی۔ سمبڑیال میں ہائوسنگ سوسائٹی بنانے کیلئے جاپانیوں نے 26سے 30کروڑ کی سرمایہ کاری کرنا تھی، اراضی خرید کر پانچ پانچ مرلہ کے 35گھر بنانے تھے، کمپنی نے 10کنال ساڑھے 12مرلہ اراضی کی رجسٹری کرائی لیکن محمد یاسین وغیرہ نے سرکاری ملازمین کی ملی بھگت سے جعلی معاہدہ تیار کر کے فرم سب رجسٹرار سمبڑیال سے منظور کروالی اور اراضی اپنے نام منتقل کروا کر 6کروڑ کا فراڈ کیا جس پر جاپانیوں کی درخواست پر انکوائری کے بعد اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال ڈاکٹر حفصہ رانی کنول کی مدعیت میں تحصیلدار سمبڑیال محمود احمد بھٹی، رجسٹری محرر عبدالرزاق، گرداور محمد اقبال ساہی، گروہ کے سرغنہ مقصود احمد، محمد علی، محمد یاسین، محمد جاوید وغیرہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تفتیش ریجنل ڈائریکٹوریٹ اینٹی کرپشن کو بھجوائی گئی، سپیشل جج اینٹی کرپشن گوجرانوالہ نے 25جنوری کو ملزمان محمد جاوید ، تحصیلدار محمود احمد بھٹی اور محمد رزاق وغیرہ کی عبوری ضمانت کی درخواستیں خارج کردیں ملزمان فرار ہو گئے۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے گروہ میں شامل چار مرکزی ملزمان تحصیلدار سمبڑیال محمود احمد بھٹی، رجسٹری محرر عبدالرزاق، گرداور محمد اقبال ساہی گروہ کے سرغنہ مقصود احمد کو گرفتار کرلیا۔ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد نے بتایا کہ کروڑوں کی سرمایہ کاری فراڈ کی نذر ہوگئی جس سے بین الاقوامی سطح پرملک کی عزت پر بھی حرف آیا۔

ای پیپر-دی نیشن