سابق آسٹریلوی فاسٹ باؤلر ڈگ بولنجر کا کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
سڈنی (این این آئی)بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کروانے والے آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر ڈگ بولنجر نے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔نیو ساؤتھ ویلز کے 36 سالہ پیسر نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو جنوبی افریقہ کے خلاف 2009 میں کیا۔ انہوں نے کینگروز کی جانب سے 12 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کرتے ہوئے 25.92 کی اوسط سے 50 وکٹیں حاصل کیں۔ مختصر ٹیسٹ کیریئر میں ڈگ بولنجر کی بہترین باؤلنگ 28/5 ہے۔ڈگ بولنجر نے اپنا ون ڈے ڈیبیو پاکستان کے خلاف 24 اپریل 2009 کو دبئی کے مقام پر کیا جہاں وہ ایک بھی وکٹ حاصل نہیں کر پائے لیکن تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میں میچ میں 35 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا جو ان کی بہترین باؤلنگ ہے۔انہوں نے 39 میچوں میں 23.90 کی اوسط سے 62 وکٹیں حاصل کیں جبکہ انہوں نے اپنے ون ڈے کیریئر میں صرف 8 مرتبہ بیٹنگ کی جہاں ان کا سب سے بڑا سکور 30 رنز ہے جو انہوں نے 21 جنوری 2011 کو انگلینڈ کے خلاف ہوبارٹ کے مقام پر بنائے تھے۔بائیں ہاتھ کے پیسر ٹی ٹونٹی میں 9 مرتبہ کینگروز الیون کا حصہ رہے اور انہوں نے اپنے کیریئر میں 9 وکٹیں حاصل کیں۔