متحدہ پاکستان: دوسرے روز بھی اختلافات کی گونج ‘ رات گئے معاملات بہتر
کراچی ( راشد نور +نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم پاکستان میں دوسرے روز بھی اختلافات کی گونج سنائی دی تاہم رات فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی میں مذاکرات میں پیش رفت ہوئی ہے اس حوالے سے آج پھر مذاکرات ہوں گے۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ سینٹ الیکشن سے بھی زیادہ گھمبیر ہے رابطہ کمیٹی برقرار اور موجود ہے ۔ میں اختلاف رائے کو ایشو نہیں سمجھتا یہ ہمارے گھر کا معاملہ ہے۔ بھائیوں کا معاملہ ہے بھائیوں کے درمیان ہی حل ہوگا رابطہ کمیٹی نے یقین دلایا ہے کہ وہ انہیں سربراہ مانتے ہیں معاملات کا مکل حل نکال لیں گے بالآخر فیصلے کا اختیار سربراہ کو ہونا چاہئے میں سربراہ ہوں تو میری عزت و احترام کیا جائے زبانی نہیں۔بہادر آباد میں ہمارا اور پی آئی بی بھی ہماری ہے، ہمیں یکجہتی کو برقرار رکھنا ہے جلد کوئی فیصلہ کرکے حل نکال لیں گے کارکن اپنے حوصلے بلند کھیں کاکن ایک دوسرے کی عزت اور احترام کریں کسی کو خود پر ہنسنے کا موقع نہیں دینا چاہئے مجھے صورتحال کو سمیٹنے کیلئے کارکنان کا تعاون درکار ہے مجھے ایک پوزیشن نہیں پڑی آپ نے اس کی حمایت کی شکر گزار ہوں ہمارے درمیان اختلاف رائے ہے تقسیم نہیں دلوں میں گنجائش ہونی چاہئے اور ہمارے دلوں میں گنجنائش ہے اختلاف کا ہر ایک کو حق حاصل ہے ہیں اپنی انا کو ایک طرف رکھنا ہے اور بردباری سے فیصلے کرنے ہیں یہ دوسیاسی جماعتیں نہیں بھائی بھائی آپ میں باتیں کررہے ہیں۔ رابطہ کیٹی کے اجلاس میں معاملات طے کریں گے کچھ رہ گیا تو آج دوپہر دوبارہ اجلاس ہوگا۔ میری رائے اور فیصلے کا بھی احترام ہونا چاہئے اختلاف کو ایک شخص سے نہ جوڑا جائے ۔سینٹ کے الیکشن بھاگے نہیں جا رہے ۔ ساجد احمد نے جنرل ورکرز اجلاس ختم ہونے کا اعلان کرتے کہا کہ کارکنان فاروق ستار کی رہائش پر پہنچیں۔ اس سے قبل سینٹ الیکشن میں امیدواروں کی نامزدگی کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان میں اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے۔ رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم کا سید سردار‘ رئوف صدیقی اور جاوید حنیف پر مشتمل وفد فاروق ستار کو منانے میں ناکام ہونے کے بعد واپس بہادر آباد پہنچ گیاتھا۔ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔ رابطہ کمیٹی کے 3رکنی وفد نے فاروق ستار سے طویل ملاقات کی تاہم وفد ناکام رہا۔ رابطہ کمیٹی نے فاروق ستار کو منانے کی کوششیں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیاتھا۔ تاہم رات گئے مذاکرات دوبارہ کئے گئے جس میں معاملات بہتر ہوئے۔ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے ارکان کو تجاویز پیش کیں۔ رئوف صدیقی نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں فاروق ستار کی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو آگاہ کریں گے۔ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے جب اپنی شرائط رابطہ کمیٹی ارکان کے سامنے رکھیں تو رئوف صدیقی نے کہا تھا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں۔ آپ ہی ہمارے سربراہ ہیں۔ سید سرداراحمد نے فاروق ستار کی منت سماجت کرتے ہوئے کہا کہ گھر کا معاملہ ہے گھر ہی میں حل ہو تو بہتر ہے۔ فاروق ستار نے جواب دیا میں آپ کا احترام کرتا ہوں۔ میری بات سننے کو کوئی تیار نہیں تو میں آخر کیا کروں۔ ذرائع نے کہا ہے کہ فاروق ستار نے کہا کہ سینٹ انتخابات کیلئے 20کاغذات نامزدگی حاصل کر لیے تھے۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما رضاہارون نے کہا ہے کہ فاروق ستار جس ایم کیو ایم کی بات کرتے ہیں اس کا کردار مشکوک ہے‘ وہ ختم ہے۔ فاروق ستار ایم کیو ایم میں بارہویں کھلاڑی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ آج کی ایم کیوایم کونسی ہے‘ اس کا پتہ لگانا باقی ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے ایم کیو ایم میں اختلافات میں شدت آنے سے وہ دھڑا بندی کا شکار ہو گئے ہیں انہیں اپنے ہی آدمیوں پر اعتماد نہیں تو وہ کس طرح عوام کی خدمت کرے گی اب ان کے سیاسی بیانات ہوا میں تیر چلانے والے ہیںکراچی کے عوام کا ان پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے پیپلز پارٹی کسی مجرم کا ساتھ نہیں دیتی رائو انوار جلد قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائے گا۔ خیرپور کے نواحی شہررانی پور میں رکن سندھ اسمبلی پیر سید فضل شاہ جیلانی سے ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نوازشریف اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کیلئے پیپلز پارٹی پر الزامات لگا کر عوام کی نظروں میں سیاسی ہیرو بننے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔