ادویات قیمتوں میں کمی کی منظوری ‘ صوبائی حکومتیں گنے کے کاشتکاروں کو مقررہ ریٹ پر ادائیگی کرائیں: : وفاقی کابینہ
اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔ جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ گنے کے کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری پوری کی جائے اور گنے کے کاشتکاروں کو مقررہ ریٹ کے مطابق ادائیگی کرائی جائے۔ وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی بطور سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تقرری کی منظوری بھی دی۔ وفاقی کابینہ نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ بہاولپور کے قیام کی منظوری بھی دی جب کہ وزارت اطلاعات پاکستان اور تاجکستان ریڈیو کے درمیان تعاون کے ایم او یو سمیت مختلف معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں کی منظوری دیدی ہے۔ اجلاس کے دوران حکومت پاکستان اور سلطنت اومان کے درمیان لیبر اور ٹریننگ کے شعبہ میں تعاون کیلئے بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پاکستان کی وزارت قانون اور تیونس کی وزارت انصاف کے درمیان جسٹس ایڈمنسٹریشن کے شعبہ میں باہمی تعاون کیلئے انتظامات پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں مقدمہ بازی اخراجات ایکٹ 2017ء کے نفاذ کی بھی منظوری دی گئی، یہ ایکٹ یکم مارچ 2018ء سے نافذ العمل ہو گا۔ کابینہ نے چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی بینکنگ کورٹ پشاور کے جج محمد نسیم کو پشاور ہائیکورٹ میں دوبارہ تعیناتی اور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خواجہ وجیہ الدین جج بینکنگ کورٹ ون پشاور تعینات کرنے کی سفارشات کی منظوری دے دی ہے کابینہ نے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کوثر عباس زیدی کو انسداد دہشتگردی اسلام آباد کا خصوصی جج مقرر کرنے کی سفارش بھی منظور کر لی ہے۔