سپریم کورٹ کا بدعنوانی کیس میں مطلوب آصف ہاشمی کو ایک ہفتہ میں پیش کرنے کا حکم‘انٹر پول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے، عزت دار ہیں تو تفتیش میں شامل ہوکر بے گناہی ثابت کریں، چیف جسٹس
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں متروکہ وقف املاک کی اراضی کی خریدو خت میں مبینہ بدعنوانی میں ملوث ادارے کے سابق چیئرمین و مفرور ملزم آصف ہاشمی سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت میں فاضل عدالت نے انٹرپول کے توسط سے ملزم کو ایک ہفتہ میں سپریم کورٹ میں پیش کرنے کا حکم جاری کردیا ہے ۔دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ عدالت چاہتی ہے کہ اگر ملزم بے گناہ ہے تو تفتیش میں شامل ہوکر اپنی گناہی ثابت کرے ، اگر وہ خود کو عزت دار آدمی سمجھتے ہیں تو عدالت بھی انہیں عزت سے عدالت پیش ہونے کا حکم دے رہی ہے، ملزم آصف ہاشمی کے وکیل سہیل ڈار نے موقف اختیار کیا عدالت دو ہفتے کی مہلت دے وہ عدالت حاضر ہو جائیں گے سفری دستاویزات بھی تیار کرنا ہیں،عدالت نے وزارت داخلہ ، خارجہ، ایف آئی اے کو حکم دیا کہ ملزم کا پاسپورٹ ودیگر دستاویز ات شام تک تیار کرکے ملزم کے وکیل کے حوالے کی جائیں تاکہ وہ ملزم سے رابطہ کریں اور انہیں ملک واپس لانے کے حوالے سے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔