• news

زینب کیس: ملزم عمران مزید 7 بچیوں سے زیادتی اور قتل کیس میں نامزد 3 روزہ ریمانڈ منظور

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے قصور میں ننھی بچی زینب قتل کیس کے مرکزی ملزم عمران کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔ ملزم عمران علی کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے ایڈمن جج سجاد احمد کی عدالت میں سخت سکیورٹی میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عمران زینب سمیت 8 بچیوں سے جنسی زیادتی اور قتل میں ملوث ہے۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم عمران بچوں کو چیز دلانے کے بہانے سے اغوا کرتا تھا اور اسکے بعد انہیں زیادتی کا نشانہ بناتا۔ ملزم کا ڈی این اے سات دوسرے کیسز میں بھی ملا ہے۔ دوران سماعت پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزم کا مزید 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے جسے جزوی طور پر قبول کرتے ہوئے عدالت نے ملزم کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جائے۔ ملزم عمران کو سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ایک روز قبل ہی دہشت گردی کی عدالت میں پیش کردیا گیا۔ یاد رہے کہ ملزم عمران زینب کا محلے دار تھا جس نے تفتیش کے دوران زینب سمیت 8 بچوں سے جنسی زیادتی کے بعد انہیں قتل کرنے کا اعتراف کیا۔

ای پیپر-دی نیشن