سپریم کورٹ: نہال ہاشمی کی فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل رجسٹرار نے اعتراض لگا کر واپس کردی دوبارہ دائر‘ خالی نشست پر الیکشن کیلئے شیڈول جاری
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت+ خصوصی نمائندہ+ نوائے وقت رپورٹ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما نہال ہاشمی نے توہین عدالت کیس میں سزا کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل سپریم کورٹ میں دائر کر دی جسے رجسٹرار سپریم کورٹ نے اعتراض لگا کر واپس کر دیا۔رجسٹرار نے اعتراض میں کہا کہ ہاتھ سے لکھی اپیل کو کئی جگہ سے کاٹا گیا ہے اور عدالتی فیصلہ کی تصدیق شدہ نقل بھی ساتھ لف کی جائے۔قبل ازیں نہال ہاشمی نے اپیل میں موقف اختیار کیا کہ رجسٹرار سپریم کورٹ کے نوٹ پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کیا گیا ۔ عدالت نے ان کے تحریری جواب پر عدم اطمینان ظاہر کر کے فرد جرم عائد کی۔ پیشے کے اعتبار سے وکیل ہوں۔ تقریر توہین عدالت کے زمرے میں نہیں آتی تھی۔ پھر بھی غیرمشروط معافی مانگی، جسے نظر انداز کر کے توہین عدالت کا مرتکب قرار دیا گیا۔اپیل میں مزید کہا گیا نہال ہاشمی نے خود کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑا۔ ان حالات میں عدالت کو ان کے ساتھ ہمدردی کرنی چاہیے تھی، ریکارڈ پر کوئی ایسے شواہد نہیں جس سے توہین عدالت کا تعلق ثابت ہو۔ سپریم کورٹ سے استدعا کی گئی نہال ہاشمی کی سزا کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ نہال ہاشمی نے انٹراکورٹ اپیل پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرتے ہوئے اپیل دوبارہ جمع کرا دی ہے۔ دوسری طرف الیکشن کمشن نے نہال ہاشمی کی نااہلی سے خالی ہونے والی سینٹ کی نشست پر ضمنی انتخاب کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ پولنگ یکم مارچ کو ہوگی جبکہ پنجاب اسمبلی کے ارکان اس حوالے سے ووٹ ڈالیں گے۔ ریٹرننگ آفیسر 9 فروری کو پبلک نوٹس جاری کریگا، امیدوار 13 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں۔