مردان میں ڈاکٹرز پر تشدد کا نوٹس خیبر پی کے میں بدمعاشی کی اجازت نہیںدینگے :پر ویز خٹک
پشاور (آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ مردان میں ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والے ضلع ناظم کے خلاف پولیس کارروائی کرے تو اسے سیاسی انتقام کا نام نہ دیا جائے ۔ خیبرپی کے میں بدمعاشی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے ضلع ناظم مردان کی طرف سے مردان میڈیکل کمپلیکس کے ڈاکٹروں پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد معاملے کا نوٹس لے لیا ۔ مردان کے ضلع ناظم حمایت اللہ ماریارجن کا تعلق اے این پی سے ہے نے مردان میڈیکل کمپلیکس میں ڈاکٹروں کے ساتھ بدتمیزی اور گالی گلوچ کی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر پرویز خٹک نے پولیس کو کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپی کے میں بدمعاشی کی اجازت کسی کو نہیں دے سکتے۔ پولیس اس واقعہ میں ملوث ضلع ناظم کے خلاف کارروائی کرے اور اس کو سیاسی انتقام کا نام نہ دیا جائے۔