• news

بنک ملازمین کیلئے 5250 روپے پنشن کی تجویز مسترد، اضافہ کریں: سپریم کورٹ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم کورٹ میں بنک اور پی ٹی سی ایل ملازمین کی پنشن کے حوالے سے متفرق مقدمات کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ بنک ملازمین کیس میں بنک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ انسانی بنیادوں پر معاملہ کے مناسب حل تک پہنچ گئے ہیں، پنشن پر5فیصد سالانہ اضافہ بھی دیں گے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں بتائیں کہ پنشنرز کا مسئلہ کیسے حل ہوگا، اپنی تجاویز سے عدالت کو آگاہ کریں، یہ بتائیں خوشحال بی بی کو570روپے پنشن ملتی تھی اتنی کم پنشن کا کیا معاملہ ہے، یہ بتائیں خوشحال بی بی آپ کی تجاویز سے کتنی خوشحال ہو جائے گی۔ بینک کے وکیل نے کہا کہ خوشحال بی بی کو 5250روپے پنشن ملے گی، عدالت نے5250 پنشن کی تجویز مسترد کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 5250 پنشن کی رقم مناسب نہیں اس میں اضافہ کریں، ای او بی آئی کی پنشن بھی بڑھ رہی ہے، حکومت ای او بی آئی کی پنشن تسلی بخش کررہی ہے، اٹارنی جنرل بیرون ملک جاتے ہوئے مجھے بتاکرگئے تھے، پرائیویٹ ہونے والے بنک اور حکومت کے کچھ وعدے ہیں، 5250روپے پنشن ہمیں قبول نہیں، بینک وکیل نے کہا کہ ہم دیکھ لیتے ہیں اس میں کتنا اضافہ کرسکتے ہیں، پنشن پر 5فیصد سالانہ اضافہ بھی دیں گے۔ بعدازاں عدالت نے اضافوں کی تجاویز طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی۔ پی ٹی سی ایل ملازمین کی پنشن سے متعلق کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے کہا کہ ہم پنشنرز کے دکھ اور درد کو محسوس کرتے ہیں۔ دوران سماعت پی ٹی سی ایل ملازمین نے عدالت میں دہائی دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل تمام عدالتی فورم سے مقدمہ ہار چکی ہے، پی ٹی سی ایل ملازمین کو پنشن دینے کو تیار نہیں، پی ٹی سی ایل ملازمین کی آپ پر نظر ہے، پی ٹی سی ایل ملازمین محمد یونس غلام علی، صادق مسیح اور منیر احمد نے بتایا کہ ان سے امتیازی سلوک کیا جارہا ہے ہم دوسو پچاس گارڈ ہیں پنشن بکس تیار ہیں مگر پنشن اور واجبات ادا نہیں کیئے جارہے، انجینئرنگ یونیورسٹی لاہور کے ملازم نے بتایا ان سمیت دیگر افراد کو پنشن نہیں دی جارہی ، بتایا ہم دوسو پچاس گارڈ ہیں پنشن بکس تیار ہیں مگر پنشن اور واجبات ادا نہیں کئے جارہے۔ تعریف کرنے پر چیف جسٹس نے کہا کہ مجھے نظر نہیں لگا دینا، آپکا مقدمہ جسٹس گلزار کے بینچ میں لگائیں گے، پی ٹی سی ایل کا مقدمہ سماعت کے لیے لگارہے ہیں بعدازاں فاضل عدالت نے بینک ملازمین پنشن کیس کی سماعت آئندہ منگل13فروری تک ملتوی کردی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن