• news

شنگھائی تعاون تنظیم کو6 روٹ سی پیک سے جوڑنے کی پیشکش علاقائی انسداد دہشتگردی ڈھانچے کے حامی ہیں :وزیراعظم

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل راشد علی اعلموف نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان ایس سی او کے علاقائی انسداد دہشت گردی ڈھانچے کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان دہشت گردی اور عسکریت پسندی کے عفریت کی مخالفت کرتا ہے۔ ممبر شپ کے حصول میں سیکرٹری جنرل کی کوششوںکو سراہتے ہیں۔ ایس سی او نے خود کو بین الاقوامی برادری میں بطور موثر کھلاڑی ثابت کیا ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم کا معاشی‘ تجارتی سکیورٹی پورٹ فولیو دیگر تنظیموں سے منفرد ہے۔ پاکستان ایس سی او کے رابطوں سے متعلق اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔ ایس سی او کے 6روٹس کو سی پیک سے جوڑنے کی پیشکش کرتے ہیں۔ اس سے ایشیا‘ روس‘ چین اور مشرق وسطیٰ کو بحرعرب سے جوڑا جا سکے گا۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے رابطے کے اقدامات کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا اور سی پیک کو شنگھائی تعاون تنظیم کے 6 منظور شدہ راستوں سے منسلک کرنے کی پیشکش کی جو چین، روس اور وسطی ایشیا سے منسلک کرنے کے لئے نقل و حرکت میں بہت زیادہ اضافہ کرے گا۔ وزیراعظم نے ایس او سی کے ترقیاتی بینک، ایس سی او ڈویلپمنٹ فنڈ، ایس سی او کاروباری کونسل، ایس سی او انٹربینک کنسورشیم، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کی تشکیل سمیت مختلف تنظیموں کے لئے بھی تعاون کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل حامی ہے اور شنگھائی تعاون تنظیم کے رابطوں کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل نے ایس سی او کی سرگرمیوں میں پاکستان کی فعال شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان جیسے نئے اراکین کو شامل کرنے سے شنگھائی تعاون تنظیم ایک حقیقی تنظیم کے طور پر ابھر کر سامنے آئی ہے جو دنیا کی سیاست میں ایک کثیر کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا شنگھائی تعاون تنظیم پاکستان کے دہشت گردی، منشیات کے خلاف کامیاب تجربے سے بہت زیادہ فائدہ اٹھا سکتی ہے۔علاوہ ازیں مشیر سرتاج عزیز سے شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل نے ملاقات کی۔ پاکستان تنظیم کے ممالک تجارت اور ٹرانزٹ کو حوصلہ افزائی کرتا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اپنے روڈز، ریلوے اور بندرگاہوں کے انفراسٹرکچر کو جدید بنا رہا ہے ۔ پاکستان، چین روس اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے درمیان اہم مرکز بن رہا ہے، سی پیک ون بیلٹ اور ون روڈ کا اہم منصوبہ ہے۔ سی پیک اقتصادی زون خطے میں ترقی کے مواقع پیدا کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن