• news

اقوام متحدہ کشمیر قراردادوں پر عملدرآمد کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے: فضل الرحمن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جے یو آئی کے سربراہ اور قومی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ قوم نے گذشتہ روز کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا دن مناکر ثابت کر دیا کہ وہ کشمیری عوام کی تحریک آزادی کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، آزادی کی تحریک کو دبانا اب کسی کے بس کی بات نہیں رہی ہے۔ مرکزی میڈیا سیل کے مطابق پارٹی وفود اور رہنمائوں حاجی اکرم خان درانی، مولانا محمد امجد خان، حافظ حسین احمد، مفتی ابرار احمد سے گفتگو کرتے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کا فرض ہے کہ وہ اپنی قراردادوں پر عمل در آمد کے لئے بھارت پر دبائو ڈالیں۔ بھارت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کو چھوڑ کے کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت دے۔ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہو چکی لیکن افسوس اس بات کا ہے کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں خاموش تماشائی بنی ہوئی ہیں، مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری ممکن نہیں ہے۔ بھارت کشمیر پر مزید تسلط باقی نہیں رکھ سکے گا۔ بھارت جبر اور ظلم کے باجود کشمیر پر چلنے والی تحریک کو دبا نہیں سکتا۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ کشمیری عوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ مولانا فضل الرحمن نے مولانا فیض محمد، مولانا راشد خالد محمود سومرو، مولانا ڈاکٹر عتیق الرحمن، مولانا شجاع الملک سے گفتگو کرتے کہاکہ خارجہ پالیسی کو اپنی ترجیحات جے مطابق بنانا ہو گا۔ آزادی کے شیدائی اور متوالوں کو آزادی سے محروم نہیں رکھا جا سکتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن