سیالکوٹ: دریائے چناب میں پانی کی آمد انتہائی کم ترین سطح 3 ہزار 2 سو 37 کیوسک رہ گئی
سیالکوٹ(نامہ نگار)بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں تعمیرشدہ بگلیہارڈیم پر پانی روک لینے کی وجہ سے دریائے چناب کے پانی میں نمایاں کمی واقعہ ہوگئی۔ ہیڈمرالہ کے مقام پر سندھ طاس معاہدہ کی خلاف ورزی کے باعث دریائے چناب کے پانی کی آمد انتہائی کم سطح تین ہزار دو سو37کیوسک رہ گئی اور دریائے چناب کا ستانوے فیصد سے زائد حصہ خشک ہوچکا ہے اور پانی کی کمی کی وجہ سے ہیڈمرالہ سے نکلنے والی ایک نہر مرالہ راوی لنک مکمل طور پر بند ہے ۔ محکمہ ایری گیشن کے مطابق دریائے چناب میں پانی کی آمد صرف تین ہزار دوسو37کیوسک ہے اور ہیڈمرالہ سے نکلنے والی دوسری نہر اپرچناب میں صرف چارہزارچھ سو بیاسی کیوسک پانی ہے دوسری نہر مرالہ راوی لنک خشک ہوچکی ہے ۔ دریائے چناب کے ہیڈمرالہ کے مقام پر پانی کی مجموعی آمد چار ہزار چھ سو بیاسی کیوسک ہے جس میں مقبوضہ کشمیر سے آنے والے دیگر دودریائو ں دریائے مناور توی کا صرف چار سو 53کیوسک پانی اور دریائے جموں توی میں پانی کی آمد صر ف نو سو بانوے کیوسک پانی ہے پانی کی کمی کے باعث سیالکوٹ سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع کی لاکھوں ایکٹر زرعی اراضی کو دریائے چناب اور نہروں کا پانی نہیں مل رہا بلکہ زمیندار اور کسان ٹیوب ویلوں کا پانی فصلوں کیلئے استعمال کرتے ہیں۔