• news

پاک فوج کی بہادری، بلند عزم اور حوصلے سے قوم مضبوط ہوئی: خرم دستگیر

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ +ایجنسیاں) وزیر دفاع خرم دستگیر نے سوات دھماکہ میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کیلئے سی ایم ایچ پشاور کا دورہ کیا۔ خرم دستگیر نے دہشت گردی کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ اورکہا فوجیوں کی بہادری، بلند عزم اور حوصلے سے پوری قوم مضبوط ہوئی ہے۔ پاکستان دہشت گردوں کے سامنے کبھی نہیں جھکے گا۔ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا جائے گا۔ حکومت نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کا تہیہ کررکھا ہے۔ وزیر دفاع نے زخمی سکیورٹی اہلکاروںسے انکی صحت کے بارے میں دریافت کیا اور انکی جرأت اور بہادری کوسراہا۔ وفاقی وزیر نے ٹراماسنٹر میں اپنی نوعیت کی شاندار طبی خدمات و سہولیات اورطبی عملہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیر دفاع کوہاٹ میں کیپٹن جاذب رحمان شہید کے گھر بھی گئے اور شہید کے والدین اور اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اس مو قع پر انہوں نے کہا کہ پوری قوم کی دعائیں انکے ساتھ ہیں اور دہشت گردی کی لعنت کے خاتمہ کے عزم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے 9ڈویژن کے شہداء کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی۔

ای پیپر-دی نیشن