پاکستان برطانیہ کا خطے میں امن کیلئے تعاون بڑھانے اسلام آباد , کابل روابط کی مکمل بحالی پر اتفاق
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر+آئی این پی)پاکستان اور افغانستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی ایلچی بیلے گیتھ نے مشیر قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل(ر) ناصر خان جنجوعہ سے ملاقات کی۔ پاکستان میں متعین برطانیہ کے ہائی کمشنر بھی ان کے ساتھ تھے۔ سرکاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو کے نتیجہ میں دونوں ملکوںنے افغانستان اور خطے میں پائیدار امن یقینی بنانے کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے او طے پایا کہ پاکستان اور افغانستان کو حکومت، سفارتی ،فوجی انٹیلی جنس اور عوام کی سطح سمیت تمام سطحوں پرروابط بحال کرنے چاہئیں۔برطانوی ایلچی نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور افغانستان میں پائیدار قیام امن کے لئے برطانوی حکومت کے کردار کواجاگر کیا۔ناصرخان جنجوعہ نے کہاکہ افغانستان کی حکومت اپنے ملک میں امن لانے کے لئے اہم کردار اداکرسکتی ہے۔انہوں نے علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کے عزم کااعادہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان نے ہمیشہ امن کے حوالے افغانستان کے تمام اقدامات کی حمایت کی ہے، افغانستان میں امن کا قیا م پاکستان میں امن کے لئے ناگزیر ہے اور ہم افغانستان اور اس کے عوام کے لئے مخلص ہیں۔ علاوہ ازیں برطانوی ایلچی نے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے بھی ملاقات کی، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ حکومت نے خطے میں قیام امن او اقتصادی استحکام کیلئے متعدد اقدامات کیے، 2018میں پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 6فیصد رہے گی ، برطانوی نمائندے نے کہا کہ اقتصادی اصلاحات اور خطے میں تعاون بڑھانے پر تعاون کریں گے ۔ ملاقات میں بین الاقوامی ترقی کے برطانوی ادارے کے پاکستان میں جاری منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سرحد پار تجارت اور خطے میں اقتصادی روابط میں اضافے پر بات چیت ہوئی ۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے خطے میں قیام امن اور اقتصادی استحکام کیلئے متعدد اقدامات کئے ، مشکلات کے باوجود پاکستانی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔ 2018میں پاکستان میں معاشی ترقی کی شرح 6فیصد رہے گی۔ برطانیہ کے نمائندہ نے کہا کہ اقتصادی اصلاحات اور خطے میں تعاون بڑھانے پر تعاون کریں گے۔