• news

اینٹی رائٹ یونٹس کے اہلکاروں کی تربیت کا باقاعدہ آغاز

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور پولیس کے اینٹی رائیٹ یونٹ کو پورے پنجاب میں مقبولیت حاصل ہونے لگی۔ لاہور پولیس نے آئی جی پنجاب کیپٹن(ر) عارف نواز خان، سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدراشرف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب کی دیگر ڈویژنز کے اینٹی رائیٹ یونٹ کے اہلکاروں کی باقاعدہ تربیت کا آغاز کر دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف نے کہا کہ 15 روزہ تربیت کے پہلے مرحلے میں 80 ماسٹر ٹرینرز کو پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں جدید تربیت دی جارہی ہے۔ ایس پی اینٹی رائیٹ محمد ندیم کھوکھر مختلف ڈویژنز سے آئے ماسٹر ٹرینرز کی خصوصی تربیت کی باقاعدہ نگرانی کر رہے ہیں۔ماسٹر ٹرینرز کے پہلے تربیتی سیشن میں شیخوپورہ، گوجرانوالہ، راولپنڈی، سرگودھا، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور فیصل آباد ریجنز کے پولیس اہلکار حصہ لے رہے ہیں۔ تربیتی سیشن کے اختتام پر نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اہلکاروں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن