• news

ویمن سپر ہاکی لیگ: پشاور نے اسلام آباد کو شکست دے دی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)دوسری پاکستان ویمن سپر ہاکی لیگ شروع ہو گئی۔ پشاور نے اسلام آباد کو ہرا دیا جبکہ لاہور اور کراچی کا میچ برابری پر ختم ہوا۔ ویمن لیگ ہاکی کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ تھے جنہوں نے بال کو ہٹ لگا کر لیگ کا افتتاح کیا۔ پہلے روز دو میچ کھیلے گئے جس میں لاہور لائنز اور کراچی ڈولفنز کا میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ اس میچ میں لاہور کی جانب سے سدرہ پرویز اور شارقہ سرور نے ایک ایک گول کیا جبکہ کراچی کی جانب سے دونوں گول کپتان افشاں نورین نے کیا۔ دوسرا میچ پشاور پینتھرز اور اسلام آباد شاہین کے درمیان کھیلا گیا جس میں پشاور نے دو صفر سے کامیابی حاصل کی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے دونوں گول صائمہ غلام نے کئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمن ونگ کی جانب سے 36 سابق انٹرنیشنل ویمن کھلاڑیوں کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ان کھلاڑیوں میں راحت خان، نوشین حنیف، شمسہ ہاشمی، نور افشاں، عابدہ جبیں، نرگس خان، ثمینہ حمید، شازیہ نیک اختر، یعقوطہ شاہین، روبینہ نسرین، رضیہ ملک، سمبرین ہاشمی، ترنم رضوی، عائشہ اشعر، عظمیٰ حیدر، عائشہ عارف، رابعہ قادر، عزرا ناصر، عقیلہ نسیم،امینہ میر، سونیا خان، ثمن رشید، بینش حیات، عفت یعقوب، ندا بشیر، ثنا حنفی، صبا سعید، سحرش گھمن، آسیہ صادق، حنا کنول، شاہین سلطانہ، چاند پروین، زیب النسا، عائشہ بشیر، بشری نذیر، فرزانہ رسول اور عائشہ عارف شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن