سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا: وزیراعظم
اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی مشکلات اور عدم استحکام کے باوجود حکومت نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پاکستان میں ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینے کے سلسلہ میں نئے لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے قومی شناختی ڈیٹا کو بروئے کار لانے کا منصوبہ ہے، اس میں ٹیکس چوری روکنے، پراپرٹی کی درست ویلیوایشن کی حوصلہ افزائی، انفرادی ٹیکس کی شرح میں کمی اور ایمنسٹی پروگرام کو پیش کرنا شامل ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ادارے بلوم برگ کو انٹرویو میں وزیر اعظم نے مزید کہاکہ ہم اس معاملے پر کثیر الجہتی حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ پیسے بنائے جا سکتے ہیں لیکن اخراجات کو نہیں چھپایا جاسکتا، یوٹیلٹی بلز، بیرونی سفرکی تفصیلات اور کریڈٹ کارڈ کے اخراجات سے تمام صورتحال سامنے آجاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پروگرام کے تحت پاکستانیوں کو 10فیصد کی بجائے 3 فیصد فیس کی ادائیگی سے اپنی دولت کو ظاہر کرنے کی حوصلہ افزائی ہو گی۔ اس کے علاوہ حکومت ٹیکسوں سے بچنے کے لئے پراپرٹی کے شعبہ میں ہونے والی سرمایہ کاری کی حوصلہ شکنی کے لئے پراپرٹی کی ویلیو ایشن کے نظام کو بہتر بنائے گی۔ وزیر اعظم نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پانچ سال قبل پاکستان کی جی ڈی پی کی شرح نمو 3 فیصد سے کم تھی جو اب 5 فیصد کے قریب ہے جبکہ آئندہ مالی سال میں ہم 6 فیصد سے زیادہ کی شرح نمو حاصل کریں گے۔