پارٹی فنڈنگ بے ضابطگیاں کیس، پی ٹی آئی تمام دستاویزات جمع کرائے: الیکشن کمشن
اسلام آباد (نمائند ہ نوائے وقت + آئی این پی) الیکشن کمشن آف پاکستان میں پارٹی فنڈنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو تمام دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ تحریک انصاف پارٹی فنڈنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے پر ممبر سندھ غفار سومرو کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تو اکبر ایس بابر کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ تحریک انصاف کے وکیل انور منصور الیکشن کمیشن میں پیش نہ ہوئے،تحریک انصاف کے فنانس سیکرٹری سردار اظہر نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ انور منصور سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔ اکبر ایس بابر کے وکیل نے بتایا کہ تحریک انصاف ملک سے باہر پیسے اکٹھا کرتی ہے، باہر سے فنڈنگ لینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ امریکہ اور ڈنمارک سے رقم لینے کے شواہد بھی پیش کئے ہیں۔ تحریک انصاف کی جانب سے کیس ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جس پر ممبر الیکشن کمیشن کے پی کے ارشاد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ میں کیس کا فیصلہ چند ماہ میں ہوجاتا ہے۔ سماعت میں التوا سے الیکشن کمیشن پر دھبہ لگ سکتا ہے، انور منصور کب آئیں گے؟ جس پر وکیل اکبر ایس بابر نے کہا کہ ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی تمام درخواستیں خارج کی ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے جمع کرائی گئی اکائونٹس کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ بعدازاں الیکشن کمشن نے تحریک انصاف کو تمام دستاویزات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔ درخواست گزار اکبر ایس بابر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان میرٹ پر فیصلوں کے دعویدار تھے لیکن تحریک انصاف سرمایہ داروں کی پارٹی بن کر رہ گئی ہے، عمران خان نے ٹکٹ ارب پتیوں کو دیکر ورکرز کے منہ پر تھپڑ مارا ہے۔بانی رکن اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سینیٹ انتخابات میں کیش اینڈ کیری کی پالیسی اپنائی ہے، کیش لائو اور سینٹ کا ٹکٹ لے جائو، یہی وجوہات ہیں کہ تحریک انصاف زوال کا شکار ہے، خیبر پی کے میں کرپشن انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ بلین ٹری سونامی کا بھانڈا بھی پھوٹ گیا، عمران خان نے تبدیلی کے نام کو بدنام کیا ہے، مالم جبہ کا سکینڈل بھی اربوں کا سکینڈل ہے، وہاں جنگلات لگانے کی بجائے کاٹے گئے۔ تحریک انصا ف کے ورکر مایوس ہو کر گھروں میں بیٹھ گئے ہیں، عمران خان ورکروں کو جوتی کی نوک پر رکھتا ہے۔اکبر ایس بابر نے کہا کہ آج اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد پہلی پیشی تھی ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فارن فنڈنگ سماعت سے متعلق تحریک انصاف کے تمام اعتراضات مسترد کئے تھے ۔ آج پھر پی ٹی آئی کے وکیل پیش نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان انصاف کے کٹہرے سے بھاگ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی تاخیری حربے سزا سے بچنے کیلئے کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی کی منافقت کی سیاست عوام کے سامنے عیاں ہوگئی ہے۔ وہ لوگ جن کا نظریہ تبدیلی سے کوئی تعلق نہیں ان کو عوام مسترد کررہے ہیں۔