• news

پنجاب اسمبلی:22 منٹ میں 3 بل منظور‘ اپوزیشن کا واک آئوٹ

لا ہور (خصوصی رپورٹر/خبر نگار/خصوصی نامہ نگار /کامرس رپورٹر) پنجاب اسمبلی نے مسودہ قانون تعلیمی محرکات مینجمنٹ اتھارٹی، ترمیم مسودہ موٹرگاڑیاں 2017 اور مسودہ قانون زکوۃ و عشر 2017ء کو اپوزیشن کی عدم موجودگی میں صرف بائیس منٹ میں متفقہ طور پر منظور کر لیا۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس ایک گھنٹہ پینتیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ تحریک انصاف کے رکن آصف محمود نے وزیر صحت، پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری صحت کی عدم موجودگی پر اعتراض کے بعد کورم کی نشاندہی کر دی، جس کے بعد دس منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں لیکن کورم پورا نہ ہو سکا جس پر اجلاس کچھ دیر کیلئے ملتوی کر دیا گیا۔ وزرا کی اجلاس کیلئے مسلسل کوششیں جاری رہیں اور دو بجے کے قریب سرکاری ارکان کو اکٹھا کرنے کے بعد اجلاس دوبارہ شروع ہوا تو سپیکر رانا محمد اقبال نے رانا ثناء اللہ کی تجویز پروقفہ سوالات موخر کر دیا جس پر تحریک انصاف کے رکن آصف محمود نے شدید احتجاج کیا ان کا موقف تھا کہ سوالات کے جواب پہلے ہی دو دو سال کی تاخیر سے آتے ہیں اور اب جب جواب آئے ہیں تو وقفہ سوالات کو موخر کیا جارہا ہے۔ جس کے بعد انہوں نے اپنے ساتھی ارکان سمیت اجلاس سے واک آئوٹ کر دیا اور اپوزیشن کے جو ارکان ایوان میں موجود تھے باہر چلے گئے۔ اپوزیشن کے بائیکاٹ کے بعد تحریک التوائے کار کاآغاز ہوا لیکن سپیکر کی جانب سے نام پکارنے کے باوجود اپوزیشن ارکان ایوان میں نہ آئے تو سپیکر نے سرکاری کارروائی کا آغاز کر دیا۔ مسودہ قانون تعلیم محرکات مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب 2017 ء ایوان میں پیش کیا گیا۔ جس کے بعد مسودہ قانون (ترمیم) صوبائی موٹر گاڑیاں 2017 ء اور مسودہ قانون زکوۃ و عشر قانون 2017ء بھی منظور کر لئے گئے- ترمیمی بل صوبائی موٹر گاڑیاں 2017ء کی منظوری کے بعد سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹس نہ لگانے پر جرمانے کئے جائیں گے- موٹر سائیکل پر کمپیوٹرائزڈ پلیٹ نہ ہونے پر ایک ہزار ، موٹر کار پر دو ہزار جبکہ پبلک سروس وہیکل پر پانچ ہزار روپے جرمانہ ہو گا- مسودہ قانون تعلیمی محرکات مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت تعلیمی اداروں بشمول پبلک سکول سپورٹ پروگرام کے حوالے سے تعلیمی شعبہ میں اصلاحی اور متحرک محرکات کا ڈیزائن عملدرآمدکرایا جائے گا - کوالٹی ایجوکیشن کی فراہمی اور ایجوکیشن سیکٹر میں سروس ڈلیوری میں بہتری لانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر کی کاوشوں کو مناسب طریقہ کار میں لانا اور تعلیمی مقاصد کے حصول میں تعلیم نظام میں پائے جانے والے خلا کو پرکرنے پر پرائیویٹ سیکٹر کی استعداد ہائے کار میں اضافہ کرنا شامل ہے - مسودہ قانون زکوۃ و عشر پنجاب کے تحت زکوۃ و عشر کمیٹی آٹھ ارکان پر مشتمل ہو گی - کمیٹی کم از کم دو مسلم خواتین شامل ہو ں گی جن کی عمر چالیس سال سے کم نہیں ہو گی- جو شخص اخلاقی طور پر نیک اور دیانتدار نہ ہو وہ زکوۃ و عشر کمیٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا- ایجنڈا مکمل ہوجانے پر سپیکر نے اجلاس آج صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا۔

ای پیپر-دی نیشن