رابطہ کمیٹی وفد کی فاروق ستار سے رات گئے ملاقات‘ معاملات طے ہوگئے: خواجہ اظہار
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+آئی این پی) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے 3رکنی وفد نے رات گئے فاروق ستار سے ملاقات کی۔ خواجہ اظہار نے کہا ہے کہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے ہوگئے۔ فاروق بھائی میڈیا سے بات کریں گے۔ اب تک فاروق ستار اور رابطہ کمیٹی نے سینٹ کیلئے نام فائنل نہیں کیا۔ فاروق بھائی اجلاس پی آئی بی یا بہادرآباد میں بھی کرسکتے ہیں۔ آخری مرحلہ آن پہنچا ہے۔ اس سے قبل سارا دن رابطہ کمیٹی ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار کو منانے کی کوششیں کرتی رہی۔ ذرائع کے مطابق عامر خان گروپ نے فاروق ستار کے سامنے تین شرائط رکھی تھیں لیکن فاروق ستار نے تینوں شرائط کو مسترد کردیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ مسلسل کامران ٹیسوری کی حمایت پر بضد ہیں۔ عامر خان گروپ کے ذرائع نے کہا کہ پارٹی معاملات فاروق ستار اور کامران ٹیسوری چلالیں ہمارا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے شبیر قائم خانی سینٹ الیکشن سے دستبردار ہو گئے شبیر قائم خانی نے سینٹ الیکشن نہ لڑنے کا اعلان کیا ہے آڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے فیصلے پر سینٹ الیکشن کیلئے نامزدگی ہوئی اب سینٹ الیکشن کیلئے کاغذات نہیں جمع کراؤں گا۔