شخصی آمریت نے اداروں کو تباہ کیا، کرپشن کا نظام مسلط ہے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے ملک پر ظالمانہ استحصالی اور کرپشن کا نظام مسلط ہے لوگوں کو اپنی مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کی سہولت حاصل نہیں۔ عام آدمی تعلیم، صحت، روزگار اور انصاف سے محروم ہے۔ سودی نظام نے ملکی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ عدالتوں، تھانے، کچہری اور پٹوارخانے میں غریب کی شنوائی نہیں۔ ملک اندرونی اور بیرونی خطرات میں گھرا ہوا ہے۔ ان مسائل کا حل مارشل لا، مغربی جمہوریت یا سیکولر اور لبرل نظام میں نہیں۔ ہم کرپشن اور جہالت فری پاکستان چاہتے ہیں جو صرف نظام مصطفی کے نفاذ ہی سے ممکن ہے۔ 70سال میں ملک پر مارشل لاء جمہوریت کے لبادے میں مسلط رہے۔ شخصی آمریت نے تمام ریاستی اداروں کو تباہی و بربادی سے دوچار کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جاری تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تین تین باریاں لینے والے ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دینے کی کوشش رہے ہیں۔ یہ سیاسی پنڈت اور برہمن سیاست اور جمہوریت کو اپنے گھر کی لونڈی سمجھتے ہیں۔ اور اب یہ خاندان اپنی تیسری نسل پاکستان پر مسلط کرنے کے چکر میں ہیں لیکن اب یہ کرپٹ اور بددیانت ٹولہ بے نقاب ہوچکا ہے اور عوام ان کے خونخوار چہروں کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔ عوام کی محرومیوں کا اصل مجرم ہی کرپٹ اشرافیہ ہے جس نے تمام وسائل پر خود قبضہ کررکھا ہے اور عوام کو غربت جہالت اور بد امنی کی بھٹی میں جھونک رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کے دروازے سونے کی چابی سے کھلتے ہیں اس لیے کسی غریب کو انصاف ملنے کی کوئی امید نہیں، تعلیمی اداروں میں طبقاتی نظام تعلیم ہے۔ ہسپتالوں میں عام مریض کو علاج کی سہولت حاصل نہیں۔ عوام کا کام صرف ٹیکس اور بل دینا رہ گیا ہے، پیسوں سے حکمران عیاشی اور قومی دولت لوٹ کر اپنے بیرونی بینکوں کے اکائونٹس بھرتے ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کرپشن فری کلین اور گرین پاکستان کے لیے جدوجہد کررہی ہے تاکہ ہماری آئندہ نسلیں غربت ،جہالت ،بے روزگاری مہنگائی اور بدامنی جیسے مسائل سے بچ سکیں۔جماعت اسلامی کی دیانت و امانت کو قومی و بین الاقوامی ادارے سراہتے ہیں۔