• news

عدلیہ کیخلاف نواز شریف کی بدزبانی مزید نظراندازکرنے کے بھیانک نتائج ہونگے: طاہر القادری

لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے نااہل صدر نے عدالتی فیصلوں کا مذاق اڑانے، عدلیہ کے خلاف عوام کو مشتعل کرنے، ججز کی تضحیک اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بدزبانی کی جو مہم شروع کر رکھی ہے اسے مزید نظرانداز کیا گیا تو اس لاقانونیت کے بھیانک نتائج برآمد ہونگے، قانون شکن اشرافیہ خود کو قانون سے بالاتر اور معتبر سمجھتی ہے۔ یہ سوالات بڑے اہم ہیں، آیا جھوٹا اور نااہل شخص پارلیمنٹرینز اور عوامی نمائندوں کی قیادت اور کیا کوئی قانون آئین کی شق کو غیر موثر کر سکتا ہے؟ وہ عوامی تحریک کے وکلاء سے ٹیلیفون پر گفتگو کررہے تھے، نعیم الدین چودھری نے سانحہ ماڈل ٹائون کے کیسز کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ سے لف دستاویزات اور پنجاب حکومت کی قائم کردہ جے آئی ٹیز کی مصدقہ نقول کے حصول کیلئے فل بنچ تشکیل پا گیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں اے ٹی سی کے فیصلے کے خلاف نواز شریف اور شہباز شریف و دیگر بیوروکریٹس اور وزراء کی طلبی کیلئے فل بنچ جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں قائم ہو چکا ہے جو 14 فروری کو سماعت کرے گا، انسداد دہشتگردی کی عدالت میں استغاثہ کیس کی سماعت 16 فروری کو ہو گی۔ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے وکلاء ٹیم کو ہدایت کی کہ وہ سانحہ ماڈل ٹائون کے کیس کو پوری توجہ اور تمام تر توانائی کے ساتھ لڑا جائے، یہ مظلوموں کو انصاف دلوانے کا کیس ہے، سانحہ قاتل اشرافیہ کا پیچھا نہیں چھوڑے گا، یہ بے گناہوں کا خون ہے اس کا انصاف ہو کر رہے گا اور قاتل اپنے انجام سے ضرور دو چار ہونگے اور میری دعا ہے کہ یہ انصاف قانون کے دائرے میں ہو، حصول انصاف کیلئے اب سڑکوں پر آئے تو پھر قاتلوں کا حشر دنیا دیکھے گی۔

ای پیپر-دی نیشن