عمران خان ’’اناڑی‘‘ الزامات غلط ہیں تو میرے خلاف دعویٰ دائر کریں: عائشہ گلالئی
ڈیرہ غازیخان (بیورو رپورٹ) عائشہ گلا لئی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن سے پیسے لینے کا الزام غلط ہے، مسلم لیگ ن اسمبلی میں مجھے بات نہیں کرنے دیتی جبکہ عمران خان میرے الزامات کے بعد چھپ کر بیٹھ گئے اور اگر میرے الزامات غلط ہیں تو وہ میرے خلاف کیس دائر کر دیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ ڈیرہ غازی خان پریس کلب میں میڈیاسے گفتگو کرتے عائشہ گلا لئی نے الزام عائد کیا کہ عمران خان ڈکٹیٹر مائنڈ رکھتے ہیں ۔ ان کے پاس کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی وہ حکومت چلانے کا علم رکھتے ہیں ۔ عمران خان اناڑی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اپنے منشور سے ہٹ گئی ہے۔ پی ٹی آئی میں غریبوں اور نوجوانوں کی بجائے کرپٹ اور سرمایہ دار لوگ قابض ہیں۔ خواتین کا کوئی احترام نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے خیبر پی کے میں درختوں کے پیسے کھا گئے۔ ایک ارب 18کروڑ درخت لگانے کا دعوی کیا گیا تاہم کاغذوں میں صرف 22کروڑ جبکہ زمین پر 22درخت بھی دکھائی نہیں دیتے۔ عائشہ گلا لئی نے کہا کہ سندھ اور خیبر پی کے پولیس میں کوئی فرق نہیں۔ رائو انوار آصف زرداری کا دست راست ہے اور وہ جعلی مقابلوں میں لوگوں کو قتل کرا دیتا ہے، مشال خان قتل کیس میں ملوث پی ٹی آئی کے کونسلر عارف کو آج تک گرفتار نہیں کیا گیا اور اسی طرح ڈی آئی خان کی شریفاں بی بی بھی آج تک انصاف کی منتظر ہے۔