• news

پاکستان کے بغیر افغانستان میں جنگ جیتنے کے امکانات کم ہیں: احسن اقبال

واشنگٹن (آئی این پی+آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک سے پاکستان کا اقتصادی اثرو رسوخ بڑھ رہا ہے، امریکی الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان بداعتمادی پیدا ہو رہی ہے، پاکستان کے بغیر افغانستان میںجنگ جیتنے کے امکانات کم ہیں۔ امریکی اخبار ’’واشنگٹن ٹائمز‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردوں کی کوئی پناہ گا نہیں۔ امریکی الزامات سے بد اعتمادی میں اضافہ ہو رہا ہے جو خطے کے لئے عدم استحکام کا باعث بن سکتا ہے۔ پاکستان سے بہتر تعلقات کی بدولت ہی امریکہ خدشات سے نمٹ سکتا ہے۔ دونوں ممالک بات چیت سے بد اعتمادی کا خاتمہ کریں ۔ افغانستان میں ممکنہ جنگ کے لئے امریکہ کو پاکستان کی ضرورت ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ بہترتعلقات چاہتاہے۔قبل ازیں سفارتخانے نے بھی تقریب سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے بھارتی افواج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں پر اپنے مظالم بند کرے۔ اس موقع پر پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چودھری نے کہا کہ جموں وکشمیر ہمیشہ اہم مسئلہ رہا ہے اور اسے جنوبی ایشیا میں قیام امن کے لئے جلد حل کیا جانا چاہئے۔ آن لائن کے مطابق احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں سرد مہری کا فائدہ دہشت گرد اٹھائیں گے، اقتصادی ترقی کے ذریعے ہی امن و استحکام کو پائیدار بنایا جاسکتا ہے، امریکہ اور یورپی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ امن کوششوں میں پاکستان کا ساتھ دیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 60 ہزار جانوں کی قربانی دی اور 120 ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا۔

ای پیپر-دی نیشن