• news

کشمیر و گلگت بلتستان کمیٹی میں بھارتی مظالم کیخلاف مذمتی قرارداد متفقہ منظور

اسلام آباد (این این آئی) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین پروفیسر ساجد میر کی صدارت میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں لبریشن سیل اور کشمیر کلچرل اکیڈمی کی جانب سے تنازعہ کشمیر پر جامع بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان میں توانائی کے منصوبوں میں جونیئر اسامیوں کی تخلیق اور اسامیوں کی منظوری پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے رکن رحمان ملک نے مذمتی قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔ انہوں نے بھارتی وزیراعظم کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں ان کے جنگی جرائم کی چارج شیٹ بھی پیش کی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی معصوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی حکومت اور فورسز کے مظالم کی سخت مذمت کرتی ہے۔ قرارداد میں اقوام متحدہ کے ذریعے انٹرنیشنل کریمنل کورٹ میں مقدمہ چلانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن