سپیکر، وزیر خارجہ کا قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کی میڈیا بریفنگ دینے سے انکار
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ’’ان کیمرہ اجلاس‘‘ کی میڈیا کو بریفنگ دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ برین سٹارمنگ سیشن کی تفصیلات نہیں بتائی جا سکتیں۔ بنیادی مقصد قومی سلامتی کو درپیش لاحق خطرات پر غور و خوض کرنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک امریکہ تعلقات میں خاصی بہتری آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں میڈیا کو بریفنگ نہ دینے کا فیصلہ ہوا لہذا وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے بھی کہا کہ اجلاس ان کیمرہ تھا تفصیلات نہیں بتا سکتے۔ ان کیمرہ اجلاس کی وجہ سے شرکا ء نے میڈیا سے گفتگو سے انکار کیا۔ پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں محمود خان اچکزئی، الیاس بلور، حاجی غلام احمد بلور، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ، مشیر قومی سلامتی ناصر خان جنجوعہ، شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر مشاہد اللہ، سینیٹر ہدایت اللہ نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ کو پاک امریکہ تعلقات میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں چیئرمین سینٹ میاں رضاربانی اور سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔ ایک گھنٹہ تک جاری رہنے والی ملاقات میں دونوں ایوانوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے ممکنہ سیاسی تعاون پر بات چیت ہوئی۔ دونوں رہنمائوں نے سیاسی و جمہوری قوتوں میں ہم آہنگی بڑھانے کیلئے پارلیمنٹ کے کردار کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔ جمعرات کو دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات میں سینٹ انتخابات سے متعلق امور پر بھی بات چیت ہوئی۔