• news

امریکہ اقتصادی امداد نہیں روکے گا، بتادیا رقم نہیں عزت چاہئے: احسن اقبال

واشنگٹن(صباح نیوز+بی بی سی)وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکہ پاکستان کو دی جانے والی اقتصادی امداد نہیں روکے گا، کراچی میں چینی باشندے کی ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے بھارت ہوسکتا ہے، افغانستان کے حوالے سے امریکہ میں(پالیسی کے لحاظ سے)نئے تجربات کیے جا رہے ہیں لیکن دونوں ممالک کا جغرافیہ ایک ہی ہے اس لیے امریکہ کے لیے افغانستان میں امن کی کوششوں میں دنیا میں کوئی ملک پاکستان سے زیاد اہم اور مددگار نہیں ہو سکتا۔ ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ پاکستانی ریاست اسامہ بن لادن کی کسی قسم کی مدد کر رہی تھی۔ دور ہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ امریکی کانگریس میں مختلف لابیز ہیں جو اپنی پسند کے بل متعارف کراتے رہتے ہیں لیکن ہماری جو امریکہ کی انتظامیہ سے بات چیت ہوئی ہے اس سے یہی عندیہ ملتا ہے کہ امریکہ اقتصادی امداد روکنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا امریکہ کوبتادیا رقم نہیں عزت چاہئے، انہوں نے کہا ہم نے سی پیک منصوبے کی سکیورٹی کے لیے تقریباً دس ہزار سے زیاد افراد پر مشتمل ایک خصوصی فورس تیار کی ہے، البتہ یہ بات ریکارڈ پر موجود ہے کہ ہمارا ہمسایہ ملک سی پیک سے بلاوجہ خائف ہے اور ہماری حراست میں موجود اس کے جاسوس کلبھوشن نے تسلیم کیا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کے لیے بھارت نے دہشت گردی پھیلانے کے لیے نیٹ ورک تیار کر رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا افغانستان کے حوالے سے امریکہ میں(پالیسی کے لحاظ سے)نئے تجربات کیے جا رہے ہیں لیکن پاکستان اور افغانستان کا جغرافیہ ایک ہی ہے اس لیے امریکہ کے لیے افغانستان میں امن کی کوششوں میں دنیا میں کوئی ملک پاکستان سے زیادہ اہم اور مددگار نہیں ہو سکتا۔انہوں نے خطے میں امریکہ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک اہم ہیں اس لیے ایک دوسرے پر انگلیاں اٹھانے کے بجائے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔ امریکہ کہتا ہے 45فیصد علاقہ انتہاپسندوں کے کنٹرول میں ہے تو ایسے میں انتہا پسندوں کو پاکستان میں محفوظ پنا گاہوں کی ضرورت ہی نہیں۔ رائو انوار کو سکیورٹی ادارے جلد حراست میں لے لیں گے اور یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ رائو انوار کسی ریاستی ادارے یا سیاستدان کے پاس چھپے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن